ووٹر لسٹ 2025 کو 2002 سے مربوط کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے

   

متعلقہ عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کی ہدایت، ووٹر میاپنگ کا عمل سست روی کا شکار، عوامی بیداری ضروری، ای وی گودام کا معائنہ
سنگاریڈی7 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی الیکشن کمیشن ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر واسم وینکٹیشور ریڈی نے ضلع کلکٹر پرتیک جین کے ہمراہ ضلع سنگا ریڈی میں واقع پرانے ڈی آر ڈی اے دفتر کے احاطے میں قائم ای وی ایم گودام کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں موجود حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔معمول کے معائنے کے دوران انہوں نے ای وی ایم مشینوں کی حفاظت، گودام کی نگرانی، سیلوں کی جانچ، پولیس بندوبست اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے حفاظتی معیارات پر عمل آوری کے بارے میں تفصیلات پیش کیں۔بعد ازاں ڈاکٹر واسم وینکٹیشور ریڈی نے سنگاریڈی ریونیو ڈویڑنل آفیسر دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں شرکت کی، جہاں ‘‘اسپیشل انٹینسیو ریویڑن (SIR)’’ پروگرام کے تحت ووٹر میپنگ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ای آر او راجندر، اے ای آر اوز، بی ایل او سپروائزرس اور بوتھ لیول افسران شریک تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ 2025 کی ووٹر فہرست میں شامل تمام اہل ووٹروں کو 2002 کی ووٹر لسٹ سے مربوط کرنے کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں ووٹر میپنگ کا عمل سست روی کا شکار ہے، اس لیے بی ایل اوز گھر گھر جاکر ووٹروں کی تفصیلات جمع کریں اور عمل کو تیز کریں۔انہوں نے سیاسی جماعتوں کے بوتھ لیول ایجنٹس کے تعاون سے کام کرنے، ریسیڈنشیل ویلفیئر اسوسی ایشنز کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے اور عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ڈاکٹر واسم وینکٹیشور ریڈی نے کہا کہ فوت شدہ، دوہری اندراج رکھنے والے یا دوسرے علاقوں کو منتقل ہوچکے ووٹروں کی نشاندہی کرکے قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی وی وی آئی پی اور وی آئی پی ووٹروں کی تفصیلات بھی درست طریقے سے درج کی جائیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہر اہل ووٹر اپنی معلومات کی میپنگ کرانے میں تعاون کرے تاکہ انتخابی فہرستوں کو شفاف اور مکمل بنایا جا سکے اس موقع پر الیکشن شعبہ کے افسران، عملہ، پولیس عہدیداران، بی ایل او سپروائزرس اور دیگر متعلقہ عہدے دار موجود تھے۔