ووٹر لسٹ کے نظرثانی کا عمل شفافیت کیساتھ مکمل کیا جائے

   

متعلقہ عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کی ہدایت ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے رہنمایانہ خطوط جاری
کاماریڈی۔30 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) الیکشن کمیشن آف انڈیاکی جانب سے جاری خصوصی جامع نظرثانی (اسپیشل انٹینسیو ریویژن ۔ SIR) پروگرام کے تحت ضلع کاماریڈی میں فارم 6، فارم 7 اور فارم 8 کے استعمال سے متعلق متعلقہ عہدیداروں کو تربیت فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ریاستی چیف الیکشن آفیسر (سی ای او) نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کرتے ہوئے ووٹروں کے اندراج، ناموں کے اخراج اور تفصیلات میں ترمیم کے طریقہ کار پر تفصیلی رہنمائی کی۔انہوں نے بتایا کہ فارم 6 کے ذریعے نئے ووٹروں کا اندراج کیا جاتا ہے، جبکہ فارم 7 کے ذریعہ نااہل یا وفات پا چکے ووٹروں کے نام فہرست سے حذف کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح فارم 8 کے تحت ووٹروں کی ذاتی معلومات میں تبدیلیاں اور ضروری اصلاحات انجام دی جاتی ہیں۔ ویڈیو کانفرنس میں ضلع کلکٹرکاماریڈی آشیش سانگوان، ایڈیشنل کلکٹر وکٹر، مختلف منڈلوں کے تحصیلداروں اور دیگر متعلقہ عہدیداروں نے شرکت کی۔ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سانگوان نے ہدایت دی کہ ضلع میں ووٹر فہرستوں کی نظرثانی کا عمل مکمل شفافیت اور مؤثر انداز میں انجام دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اہل شہری کو ووٹر کے طور پر رجسٹر کرنے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں اور عوام کو فارم 6، 7 اور 8 کے استعمال اور اہمیت کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کی جائے تاکہ انتخابی فہرستیں زیادہ سے زیادہ درست اور جامع بن سکیں۔