ویکسین کی تیاری سے خام تیل کی قیمت میں اضافہ

,

   

ریاض ۔ اوپیک پلس گروپ کی جانب سے تیل کی سربراہی سے متعلق اقدام اور کورونا وائرس کی ویکسین سے متعلق پیش رفت کی پیداکردہ مشترکہ امید کے بعد خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق خام تیل کا بینچ مارک، برینٹ کروڈ نو فیصد اضافے کے ساتھ 43 ڈالر فی بیرل سے زائدکو پہنچا۔ عالمی سطح پر معاشی لاک ڈاؤن کے خاتمے کی امید نے دنیا بھر کے بازار حصص پر بھی اچھا اثر ڈالا ہے۔امریکی دوا سازکمپنی فائزر اورجرمن کمپنی بائیو این ٹیک نے کہا ہے کہ 40 ہزار سے زیادہ افراد کے معائنوں سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویکسین کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے 90 فیصد تک موثر ہے۔ فائزر نے کہا ہے کہ اسے توقع ہے کہ وہ 2020 میں 50 ملین ویکسین کی ڈوزدنیا بھر میں فراہم کرے گی جبکہ 2021 میں 1.3 ارب ویکسین کی خوارکیں فراہم کی جائیں گی۔ ابوظہبی میں توانائی کی ایک کانفرنس سے خطاب میں سعودی عرب کے وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا کہ ویکسین کی شکل میں وائرس کے خاتمے کا حل مل جائے گا جبکہ ویکسین کی دستیابی سے بھی صورت حال میں بہتری آئے گی۔انہوں نے تیل کی ترسیل پرقابو پانے کے امکانات کے بارے میں بھی بات کی جس کی وجہ سے قیمتیں کم کرنا پڑی تھیں۔انہوں نے باقاعدہ اشارہ دیا کہ سعودی عرب اور روس جوکہ اوپیک پلس میں بڑے برآمدکنندگان ہیں، موجودہ ترسیل کے معاہدے میں ردوبدل کرسکتے ہیں۔ اوپیک پلس گروپ جنوری سے عالمی منڈیوں میں یومیہ دو ملین بیرل تیل مہیاکرے گا لیکن قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اس میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ توانائی سے متعلق کچھ ماہرین نے پیش قیاسی کی ہے کہ تیل کی موجودہ پیداوار77 لاکھ بیرل یومیہ کو مزید تین ماہ تک برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں جاری لاک ڈاؤن نے بھی تیل کی عالمی منڈی کو بھی متاثر کیا ہے۔