ٹرمپ نے امریکی جھنڈے والے ایران کے نقشہ کی تصویر پوسٹ کردی

,

   

واشنگٹن۔24؍مئی ( ایجنسیز )امریکہ کے صدر ٹرمپ نے امریکی جھنڈے والا ایران کا نقشہ ٹروتھ سوشل پر شیئر کردیا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایران کے نقشہ پر امریکی پرچم کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ یونائیٹڈ اسٹیٹس آف مڈل ایسٹ؟ جس کے بعد عالمی سطح پر نئی بحث چھڑ گئی۔یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کو مستقل شکل دینے کیلئے حساس مذاکرات جاری ہیں، ماہرین کے مطابق ٹرمپ کا یہ پیغام سفارتی کوششوں کو متاثر کر سکتا ہے اور خطے میں مزید کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔بین الاقوامی امور کے ماہر نے ٹرمپ کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے بیانات سفارت کاری کو نقصان پہنچاتے ہیں اور ایرانی عوام کو اپنی ریاست کے دفاع کیلئے مزید متحد کرتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ مسلسل یہ مؤقف اختیار کرتی رہی ہے کہ امریکہ ایران پر طویل قبضہ یا براہِ راست رجیم چینج نہیں چاہتا، تاہم صدر ٹرمپ کی حالیہ پوسٹ کو کئی مبصرین نے اس مؤقف کے برعکس قرار دیا ہے۔یاد رہے کہ ڈونالڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی ایران اور مشرقِ وسطیٰ سے متعلق متعدد متنازعہ سوشل میڈیا پوسٹس کر چکے ہیں، جن میں امریکی پرچم سے ڈھکے نقشہ اور ایران کی جانب اشارہ کرتے سرخ تیروں والی تصاویر شامل ہیں۔