ٹرمپ نے موقع گنوایا، مباحثے کی کارکردگی پر اتحادیو ں کا ردعمل

   

واشنگٹن : حالیہ صدارتی مباحثے میں اگرچہ سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی کارکردگی کوخود سراہا ہے لیکن ان کی پارٹی کے کچھ ریپبلکن عہدیداروں اور مشیروں کا کہنا ہے کہ حریف امیدوار کملا ہیرس کے ساتھ اْن کی بحث ناکام رہی۔ ڈونالڈٹرمپ نے چہارشنبہ کو ’فاکس اینڈ فرینڈز‘ پروگرام میں کہا کہ ’میرے خیال میں یہ میرے بہتر مباحثوں میں سے ایک تھا، شاید میرا بہترین مباحثہ۔‘ریپبلکن سینیٹر ایل گراہم جو ٹرمپ کے اہم اتحادی ہیں، پارٹی کے ان قائدین میں سے ہیں جنہوں نے کْھل کر کہا کہ سابق صدر کی کارکردگی خراب تھی۔انہوں نے ریپبلکن صدارتی اْمیدوار کی مباحثے میں کارکردگی کے حوالے سے نامہ نگاروں کو بتایاکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے موقع کھو دیا۔ سابق صدر توجہ مرکوز رکھنے میں ناکام رہے اور اپنے ریکارڈ کو آگے بڑھانے کا موقع کھو بیٹھے ہیں۔ ٹرمپ کے سابق اتحادی کرس کرسٹی جو ان کے ناقد بن گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ کملا ہیرس کی تیاری ’شاندار‘ تھی جبکہ ٹرمپ تیار نہیں تھے۔انہوں نے اے بی سی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس نے بھی ٹرمپ کو مباحثے کی تیاری کرائی اسے برطرف کر دینا چاہیے۔ آج رات ان کی کارکردگی بالکل بھی اچھی نہیں تھی۔‘روئٹرز نے جب ٹرمپ کو مباحثے کے لیے تیار کرانے والی ٹیم سے جاننا چاہا کہ آیا ٹیم میں سے کسی کو نکالا گیا ہے تو انہوں نے جواب نہیں دیا۔روئٹرز نے اْن دس ووٹرز کے انٹرویوز کیے جنہوں نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ کس امیدوار کو ووٹ دینا چاہیں گے۔ چھ نے مباحثے کے بعد کہا کہ وہ ٹرمپ کو ووٹ دیں گے یا پھر ان کی حمایت کریں گے۔