ٹرمپ کی حمایت میں پٹیشن ، دستخط کرنے والے کو روزانہ 10لاکھ ڈالرملیں گے

   

نیویارک : ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ نومبر کے امریکی انتخابات تک ہر روز 10 لاکھ ڈالر اْس شخص کو دیں گے جو امریکی آئین کی حمایت میں اْن کی آن لائن پٹیشن پر دستخط کرے گا۔برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے یہ اعلان ہفتہ کو کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنا وعدہ نبھاتے ہوئے پنسلوانیا میں پروگرام کے شرکاء میں سے ایک کو 10 لاکھ ڈالر کا چیک دے دیا ہے۔اس پروگرام کا مقصد امریکی صدارتی اْمیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں کو جمع کرنا تھا۔ اس تقریب کے دوران جان ڈریہر نامی شخص نے ٹیسلا کے بانی ایلون مسک سے 10 لاکھ ڈالر کا چیک وصول کیا۔ایلون مسک کی پٹیشن دراصل ایک ’سیاسی ایکشن کمیٹی‘ کے حق میں ہے جو ٹرمپ کی 2024 کی صدارتی مہم کی حمایت کے لیے ہے۔یہ تازہ مثال ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایلون مسک نے ٹرمپ اور ان کی حریف کملا ہیریس کے درمیان ہونے والی صدارتی دوڑ کو متاثر کرنے کے لیے اپنی دولت کا استعمال کیا ہے۔