قواعد کیخلاف بیانرس اور کٹ آوٹس لگانے پر جی ایچ ایم سی کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر کے سی آر حکومت کی اُلٹتی گنتی شروع ہونے سے متعلق بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹر نامپلی پر لگائے گئے ڈیجیٹل ڈسپلے بورڈ ، بیانرس اور کٹ آوٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی نے بی جے پی کے خلاف 55 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ چار دن قبل انچارج تلنگانہ بی جے پی اور صدر تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے ٹی آر ایس حکومت اور چیف منسٹر کے سی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ پارٹی کے ہیڈکوارٹر ڈاکٹر شیام پرساد مکھرجی بھون پر ٹی آر ایس حکومت کی الٹی گنتی کا ڈیجیٹل بورڈ لگایا جس سے ظاہر کیا جارہا ہے کہ ریاست میں تلنگانہ حکومت کتنے دن کی مہمان ہے ۔ عوام نے ٹوئیٹر کے ذریعہ اس کی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن سے شکایت کی ہے جس پر جی ایچ ایم سی کے سنٹرل انفورسمنٹ سیل کے عہدیداروں نے بی جے پی پر 50 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ حیدرآباد میں بی جے پی کا قومی اجلاس منعقد ہورہا ہے ۔ اس ضمن میں وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کی تصاویر کے ساتھ بیانرس اور کٹ آوٹس لگانے پر 5 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے ۔ یہ دونوں ای چالانات پارٹی کے جنرل سکریٹری کے نام سے جاری کئے گئے ہیں ۔ عہدیداروں نے قواعد کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ جرمانہ عائد کرنے والی جی ایچ ایم سی نے ڈیجیٹل بورڈ کو نہیں ہٹایا ابھی بھی بورڈ وہاں موجود ہے ۔ ن