ٹی آر ایس رکن اسمبلی جیون ریڈی کے قتل کی سازش

   

مشتبہ شخص گرفتار ۔ پستول اور چاقو بھی ضبط کرلئے گئے
حیدرآباد۔/2 اگسٹ،( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی آرمور اے جیون ریڈی کو قتل کرنے کی ایک مبینہ سازش کو ان کے سکیوریٹی اہلکاروں اور بنجارہ ہلز پولیس نے آج بے نقاب کردیا ۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے پرساد گوڑ نامی ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو آرمور اسمبلی حلقہ میں مکلور منڈل کے کالیڈا گاوں کی معطل شدہ سرپنچ کا شوہر بتایا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ وہ رکن اسمبلی کی قیامگاہ واقع بنجارہ ہلز میں مشتبہ انداز میں پھر رہا تھا ۔ اطلاع ملی ہے کہ پولیس نے اس کے قبضہ سے ایک پستول اور ایک چاقو بھی ضبط کرلیا ہے ۔ پولیس اسٹیشن میں اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہی ہے ۔ جیون ریڈی کی قیامگاہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لینے پر پتہ چلتا ہے کہ پرساد گوڑ ان کے گھر میں داخل ہوا اور گھر میںداخلہ اور باہر نکلنے کے راستوں کا جائزہ لے رہا تھا ۔ رکن اسمبلی کی سکیوریٹی نے اس کو روک لیا اور پولیس کو اطلاع دی ۔ ابتدائی طور پر شبہ کیا جا رہا ہے کہ پرساد گوڑ کو اس کی بیوی کی معطلی میںرکن اسمبلی کے رول کا شبہ تھا اسی لئے وہ ایسا کر رہا تھا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔