کے سی آر سے ٹکرانے والے کہیں کے نہ رہے ، اگر ہمیں چھیڑا گیا تو دہلی پہونچکر حساب چکتا کیا جائے گا
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : ٹی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے کہا کہ ٹی آر ایس شیر جیسی پارٹی ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر سے ٹکرانے والے کہیں کے نہیں رہے ۔ ہمارے صبر کو کمزوری سمجھنے کی بھی غلطی نہ کریں ۔ کے سی آر جو ٹھان لیتے ہیں اس کو پورا کرنے تک آرام نہیں کرتے ۔ ایم کے مجیب الدین کی جانب سے ضلع کاماریڈی ٹی آر ایس صدارت کی ذمہ داری قبول کرنے کے اجلاس سے مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ پانی ، فنڈز اور ملازمتوں میں تلنگانہ سے ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف تحریک شروع کرنے کے لیے کے سی آر نے ٹی آر ایس پارٹی تشکیل دی اور تلنگانہ سے ہونے والی ناانصافیوں کو اعداد و شمار کے ساتھ پیش کیا جس پر تلنگانہ کے عوام نے ٹی آر ایس پر بھروسہ کیا ۔ احتجاجی مہم اور قربانیاں دیتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کیا گیا ۔ عوام نے کے سی آر کو دو مرتبہ چیف منسٹر بنایا۔ آج ٹی آر ایس ایک طاقتور جماعت ہے جس کے 70 لاکھ ارکان ہیں ۔ مودی کے زیر قیادت بی جے پی کی مرکزی حکومت ہر معاملے میں تلنگانہ سے نا انصافی کررہی ہے ۔ ان نا انصافیوں کے خلاف ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ دونوں ایوانوں میں آواز اٹھا رہے ہیں جب کہ بی جے پی اور کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ تماشہ دیکھ رہے ہیں ۔ مرکز کے تعاون کے بغیر چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے دانشمندانہ فیصلوں سے تلنگانہ کو مختلف شعبوں میں سرفہرست کردیا ہے ۔ مرکزی حکومت میں تلنگانہ سے ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی نا انصافی ہوئی ہے ۔ بی جے پی صرف عوام کو دھوکہ دینے ، فرضی سرٹیفیکٹس کی اجرائی ، فرضی تصاویر کو شیئر کرنے اور مذاہب کے درمیان نفرت پیدا کرنے ملک کے اثاثہ جات کو فروخت کرنے میں ہی سرفہرست ہے ۔ جھوٹ اور دھوکہ دہی کے ذریعہ بی جے پی اقتدار حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا ۔ ٹی آر ایس کے صبر کو کمزوری سمجھنے کی کوشش نہ کریں ۔ اگر ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا ۔ کے سی آر سے ٹکرانے والے کہیں کے نہیں رہے اس کی تاریخ گواہ ہے۔ اگر ہم کو چھیڑنے کی کوشش کی گئی تو ہم دہلی پہونچ کر حساب چکتا کریں گے ۔۔ ن