ٹی آر ایس قائدین اقتدار کے بھوکے، عوامی مسائل کی یکسوئی میں کوئی دلچسپی نہیں

   

حفیظ پیٹ ڈیویژن کانگریس پارٹی انچارج سریش نائیک کا دورہ

حیدرآباد ۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین کو عوامی مسائل کی کوئی پرواہ نہیں۔ اقتدار کی برقراری اور اقتدار جانے کے خوف میں پریشان ٹی آر ایس قائدین عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ثابت ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مادھاپور ڈیویژن کانگریس پارٹی انچارج سریش نائیک نے کیا۔ انہوں نے آج یہاں حفیظ پیٹ ڈیویژن میں ’’بستی باٹا‘‘ پروگرام منعقد کیا۔ مسلم اکثریتی علاقہ حفیظ پیٹ میں مسائل کے باوجود یکسوئی کے اقدامات پر کوئی توجہ نہیں کی جارہی ہے۔ کانگریس پارٹی قائدین سریش نائیک اور ناگیش نائیک نے ٹی آر ایس پارٹی پر اقلیتوں کے جذبات سے کھلواڑ کا الزام لگایا اور کہا کہ 12 فیصد تحفظات کا وعدہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس حکومت نے اقلیتوں کو دھوکہ دیا اور اب اقلیتی علاقوں کو بھی نظرانداز کررہا ہے۔ مسلم اکثریتی آبادی والے علاقوں سے منتخب ہونے والے قائدین کو عوامی مسائل کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ حفیظ پیٹ ڈیویژن میں بے پناہ عوامی مسائل پائے جاتے ہیں اور مسائل کا انبار ہے۔ باوجود اس کے بنیادی سہولیات کی فراہمی، صحت و صفائی پر بھی کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی اور ٹی آر ایس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی پارٹیاں صرف وعدوں تک محدود ہوگئی ہیں اور عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سونیا اور راہول گاندھی و ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی مضبوط ہورہی ہے اور کانگریس کا اقتدار میں آنا یقینی ہے۔ انہوں نے مسائل کی فوری یکسوئی کا مطالبہ کیا۔ بصورت دیگر کارپوریٹر کے خلاف دھرنا منظم کرنے کا انتباہ دیا۔ اس موقع پر اقلیتی قائدین سید مستان، شیخ حمید، مشرف، جانی، اسد، افروز، کریم اور دیگر موجود تھے۔ع