ٹینک بنڈ پر کل شام بتکماں تقاریب

   

چیف سکریٹری کی اعلیٰ سطحی اجلاس میں انتظامات کو قطعیت ، سکریٹریٹ تا ٹینک بنڈ بتکماں جلوس

حیدرآباد۔/8 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے بتکماں تہوار تقاریب پر آج سکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو بتایا کہ ٹینک بنڈ پر 10 اکٹوبر کو بڑے پیمانے پر بتکماں تقاریب کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس کیلئے تمام محکمہ جات کو وسیع تر انتظامات کرنے چاہیئے۔ شانتی کماری نے پولیس اور دیگر سرکاری محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ بہتر تال میل کے ذریعہ انتظامات انجام دیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ 10 اکٹوبر کو سہ پہر 4 بجے سکریٹریٹ کے روبرو واقع یادگار شہیدان تلنگانہ سے خواتین کے بتکماں کے ساتھ جلوس کا آغاز ہوگا جو ٹینک بنڈ پہنچ کر تقاریب میں تبدیل ہوجائے گا۔ بڑی تعداد میں فنکار اس پروگرام میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے بدھا پورنیما، سنجیویا پارک میں خصوصی آتشبازی کے مظاہرے اور لیزر شو کے انعقاد سے واقف کرایا۔ چیف سکریٹری کے مطابق بتکماں کے وسرجن کیلئے حیدرآباد میں 150 مصنوعی پانڈس قائم کئے گئے ہیں۔ حیدرآباد کے تمام اہم سرکاری دفاتر کو روشنیوں سے سجایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں سے خواتین اس پروگرام میں شرکت کریں گی۔ شام 5:30 تا 7:30 بجے تقاریب کے موقع پر اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کا رُخ موڑ دیا جائے گا۔ چیف سکریٹری نے ٹریفک جام کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری وانی پرساد، دانا کشور، سکریٹری ہیلت کرسٹینا چونگٹو، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، پرنسپل سکریٹری آر اینڈ بی ہری چندن، سکریٹری توانائی رونالڈ راس، کمشنر جی ایچ ایم سی کے امراپالی، منیجنگ ڈائرکٹر واٹر ورکس اشوک ریڈی، کمشنر اطلاعات ہنمنت راؤاور دوسروں نے شرکت کی۔1