رام مندر چندہ چوری ‘ تعلیمی مسائل و مہنگائی پر مودی حکومت کو گھیرنے اپوزیشن کی حکمت عملی
نئی دہلی ۔19؍جولائی ( ایجنسیز ) پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا پیر 20جولائی سے آغاز ہورہا ہے جس کے ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے ۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے پہلے سبھی پارٹیوں کی ایک میٹنگ طلب کی ۔ میٹنگ کے دوران حکومت، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی بلا رکاوٹ چلنے دینے کو یقینی بنانے کیلئے سبھی سیاسی جماعتوں سے تعاون طلب کیا گیا۔ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاسپیر سے شروع ہوگا اور آئندہ ماہ کی 21 تاریخ کو اختتام پذیر ہوگا۔ اِس اجلاس کے دوران مختلف اہم بل بحث اور منظوری کیلئے پیش کیے جائیں گے۔ دوسری طرف پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس میں حکومت کو رام مندر میں چندہ چوری سے مہنگائی اور تعلیمی نظام بے قاعدگیوں اور دیگر مسائل پر نشانہ بنانے کی اپوزیشن نے حکمتِ عملی طے کی ہے۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر اس سلسلہ میں سینئر قائدین کی اہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں پارلیمنٹ مانسون اجلاس کے دوران اٹھائے جانے والے اہم امور، سرکار کو مختلف مفادِ عامہ اور قومی اہمیت کے موضوعات پر گھیرنے کی حکمتِ عملی اور اپوزیشن کے ساتھ تال میل جیسے کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی مانسون اجلاس کے دوران ‘چندہ چوری۔ آستھا سے دھوکہ’، پیپر لیک اور تعلیمی نظام کے منظم زوال، آئینی اداروں پر قبضے ، سیاسی پارٹیوں کو توڑنے کی سیاست ، مختلف اسکامس اور بدعنوانی کے الزامات، بے لگام مہنگائی، خارجہ پالیسی کی ناکامیوں اور اسٹریٹجک غلطیوں، 3.5 کروڑ گاڑیوں کے مالکان پر ایتھنول آمیزش کومسلط کرنے ، اندھا دھند جنگلات کی کٹائی اور درج فہرست ذات ، درج فہرست قبائل ، دیگر پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کے حقوق پر مسلسل ہو رہے حملوں جیسے امور پر مودی حکومت سے جواب مانگے گی۔کھرگے نے کہا کہ یہ تمام ایسے سنگین امور ہیں جو ملک کے عوام کی زندگی اور مستقبل کو متاثر کر رہے ہیں۔ مانسون اجلاس میں حکومت کو جوابدہ بنانے کی حکمتِ عملی تیار کی گئی۔ حکومت مانسون اجلاس میں ’فارن کنٹری بیوشن (ریگولیشن) ترمیمی بل، 2026‘ پیش کر سکتی ہے۔ اس بل کے تحت کسی تنظیم کا ایف سی آر اے سرٹیفکیٹ ختم ہونے، تجدید نہ ہونے یا حکومت کی جانب سے تجدید سے انکار کی صورت میں منسوخ ہو جائے گا۔ مجوزہ ترمیم کے تحت غیر ملکی عطیات اور ان سے حاصل ہونے والے اثاثوں کے عارضی اور مستقل طور پر سرکاری تحویل میں لینے، نگرانی، انتظام اور تصفیے کے لیے ایک مخصوص اتھارٹی قائم کرنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
مودی کا مانسون اجلاس سے قبل آج میڈیا سے خطاب
نئی دہلی ۔19؍جولائی ( ایجنسیز ) وزیراعظم نریندر مودی پیر کو پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے قبل صبح 10.15 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے ہنس دوار پر میڈیا سے خطاب کر سکتے ہیں۔ مانسون اجلاس پیر 20 جولائی سے شروع ہو کر 13 اگست تک جاری رہے گا۔ مانسون اجلاس سے قبل مودی کے میڈیا سے خطاب کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ کا یہ اجلاس 20 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔ یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر ایوانوں کے کام میں وقفہ بھی متوقع ہے جس کے بعد ضرورت پڑنے پر اجلاس دوبارہ منعقد کیا جا سکتا ہے۔