پاسپورٹ کی عاجلانہ اجرائی کیلئے سلاٹس کی تعداد میں اضافہ

   

پاسپورٹ آفیسر سے آن لائین چیاٹ اور ویڈیو کال کی سہولت، عوامی شکایات کیلئے خصوصی مرکز
حیدرآباد ۔ 25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواستوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ میں واقع تمام 5 پاسپورٹ سیوا مراکز پر سلاٹس کی تعداد میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ریجنل پاسپورٹ آفیسر نے بیگم پیٹ ، امیر پیٹ ، ٹولی چوکی ، نظام آباد اور کریم نگر پاسپورٹ مراکز پر روزانہ 150 زائد سلاٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فی الوقت روزانہ 3000 آن لائین اپائنٹمنٹ سلاٹس جاری کئے جاتے ہیں جبکہ 2600 قبول کئے جاتے ہیں۔ پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا نے کہا کہ کورونا کی صورتحال کے سبب دو سال کے وقفہ کے بعد ایسے افراد جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراک حاصل کرلی ہیں ، بیرونی ممالک کا دورہ کر رہے ہیں ، لہذا پاسپورٹ کے حصول کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کلئیرنس سرٹیفکٹ کی عاجلانہ اجرائی کیلئے الیکٹرانک دستخط سسٹم حال ہی میں متعارف کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مرکز پر پاسپورٹ کیلئے درخواستوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ تعلیم کیلئے بیرونی ملک سفر ، روزگار اور تجارت کیلئے سفر میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مینول دستخط کے طریقہ کار کے سبب تاخیر ہورہی ہے ۔ اس صورتحال سے ابھرنے کے لئے ایک ہی دن میں پولیس کلیئرنس سرٹیفکٹ کی اجرائی کیلئے الیکٹرانک سگنیچر سسٹم متعارف کیا گیا ۔ پاسپورٹ عہدیدار کا کہنا ہے کہ درخواست گزار اپنی شکایات کے سلسلہ میں ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے راست طور پر بات چیت کرسکتے ہیں۔ درخواست گزاروں کے مسائل کے حل کیلئے واٹس ایپ پر ویڈیو کالنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور واٹس ایپ نمبر 8121401532 سے استفادہ کرتے ہوئے عوام ہر منگل کو دوپہر 12 تا 1 بجے دن ویڈیو کال کرسکتے ہیں۔ آئندہ چند ماہ میں عوام کیلئے مزید نئی خدمات کا آغاز ہوگا۔اسی دوران درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے ایک جامع عوامی شکایات سنٹر قائم کیا گیا ہے ۔ یہ سنٹر روزانہ ایک گھنٹہ زائد کام کرے گا۔ ایمرجنسی کاؤنٹرس صبح 9.30 تا 11.30 بجے کھلے رہیں گے۔ ریجنل پاسپورٹ آفس کے تحت 2019 ء میں 5.54 لاکھ پاسپورٹ اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکٹ جاری کئے گئے۔ 2020 ء میں 2.93 لاکھ ، 2021 ، میں 4.42 لاکھ اور 2022 ء میں جنوری تا جون 3.23 لاکھ پاسپورٹ اور پولیس کلیئرنس سرٹیفکٹ جاری کئے گئے ۔ ر