پاکستانی ایجنٹوں سے خفیہ دستاویزات کا اشتراک، ملزم فوجی جوان کا ریمانڈ

   

جے پور: مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی فوج کے اس 24 سالہ جوان شانتی مے رانا کو چہارشنبہ کے روز مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے پولیس کی دو روزہ ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ ملزم فوجی جوان پر الزام ہے کہ اس نے پاکستان کی خاتون ایجنٹ کے ہنی ٹریپ میں پھنس کر خفیہ ویڈیو اور دستاویزات کا اشتراک کیا ہے، اسے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔عہدیداران نے جمعرات کے روز دعویٰ کیا کہ ملزم فوجی جوان شانتی مے نے پاکستانی ایجنٹوں کے ساتھ جنگی مشقوں سے متعلق خفیہ دستاویزات اور ویڈیو کا اشتراک کیا۔اے ڈی جی پی انٹیلی جنس اومیش مشرا نے کہا کہ شانتی مے رانا کو جرم کی سنگینی کے پیش نظر گہرائی سے تحقیقات کرائے جانے کی غرض سے دو روزہ ریمانڈ پر بھیجا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزم گزشتہ دو سالوں سے واٹس ایپ اور ٹیلی گرام کے ذریعے پاکستانی خواتین سے رابطہ میں تھا۔ اب تک کی تحقیقات سے اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ملزم کو فوج کی اسٹریٹجک طور پر حساس اور خفیہ معلومات فراہم کرنے کے عوض رقم حاصل ہو رہی تھی۔