حیدرآباد۔3۔مارچ۔(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹرو ریل کے کاموں کا 7 مارچ کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے دورۂ پرانا شہر کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور چیف منسٹر فلک نما فاطمہ نگر بس ٹرمنل کے قریب مہاتماگاندھی بس اسٹینڈ املی بن تا فلک نما میٹرو ریل کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق چیف منسٹر متحدہ آندھراپردیش ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دورحکومت میں کاٹے دن میں اسپورٹس کامپلکس کا جو سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اس اسپورٹس کامپلکس کا افتتاح بھی انجام دے سکتے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر نے میٹرو ریل کی راہداری میں تبدیلی کے بعد عہدیداروں کو تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری اور املی بن تا فلک نما تا شمس آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ براہ چندرائن گٹہ میٹرو ریل کے کاموں کو شروع کروانے کے سلسلہ میں ہدایات جاری کی تھیں۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر دورۂ پرانا شہر کے دوران مختلف ترقیاتی کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں منصوبہ تیار کر رہے ہیںاور حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔3