حکومت تلنگانہ کی قدیم شہر کی مجموعی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز
حیدرآباد۔24 جنوری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی توجہ پرانے شہر پر مرکوز ہے اور پرانے شہر کی مجموعی ترقی کے سلسلہ میں اقدامات کررہی ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے پرانے شہر سے شمس آباد ائیرپورٹ کو مربوط کرنے کے فیصلہ کے بعد اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پرانے شہر کے علاقہ چند لعل بارہ دری ‘رنمست پورہ میں سرکاری انجینئرنگ کالج کا قیام عمل میں لایا جائے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کی حیثیت سے جائزہ لینے کے ساتھ ہی پرانے شہر کی ترقی پر توجہ مرکوز کی۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق 11 نئے سرکاری انجینئرنگ کالجس کے قیام کا منصوبہ ہے اور 10 پالی ٹیکنک کالجس کو اپ گریڈ کرتے ہوئے انجینئرنگ کالجس کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت کے فیصلہ کے بعد پرانے شہر میں پہلا سرکاری انجینئرنگ کالج قائم کیا جائے گا۔ مانصاحب ٹینک علاقہ میں موجود پالی ٹیکنک کو بھی انجینئر نگ کالج کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ ہے ۔ شہر میں دو انجینئرنگ کالجس کے علاوہ گچی باؤلی میں ایک انجینئرنگ کالج اور دیگر اضلاع میں موجود پالی ٹیکنک کالجس کو انجینئرنگ کالجس کے طرز پر ترقی دی جائیگی ۔ انجینئرنگ کالجس کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے سرکاری کالجس کے قیام کو منظوری دی جارہی ہے ان کالجس میں اہل اساتذہ ‘ درکار سہولتیں ‘ عمارت وغیرہ سب دستیاب ہیں اور شہر میں طلبہ کو سہولتوں کی فراہمی کی صورت میں بہترین ردعمل حاصل ہونے کا امکان ہے۔3