پربھنی میں مندر کا چھت اچانک منہدم ۔8 افراد ہلاک

,

   

تین افراد شدید زخمی ۔ 20 کو معمولی زخم آئے ۔ وزیر اعظم مودی کا اظہار افسوس

پربھنی 20 جون ( ایجنسیز ) مہاراشٹرا کے پربھنی ضلع میں یشواڑی مندر کے مرکزی حصہ کے روبرو چھت منہدم ہوجانے کے نتیجہ میں 8 افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ واقعہ تعمیراتی کاموں کے دوران پیش آیا ۔ یہ مندر یشواڑی گاوں میں واقع ہے ۔ رکن اسمبلی راجیش وٹیکر نے کہا کہ 27 افراد چھت کے ملبہ کے نیچے دب گئے تھے ۔ 8 افراد اس حادثہ میں ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ تین افراد زخمی ہیں جن کا ضلع جنرل ہاسپٹل میں علاج کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ دیگر 20 افراد کو معمولی زخم آئے ہیں جن کو آر پی میڈیکل کالج ہاسپٹل میں طبی امداد پہونچائی گئی ۔ مسٹر وٹیکر نے توثیق کی کہ ملبہ میں دبے ہوئے ہر شخص کو نکال لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مندر کی تعمیر کیلئے دستکاروں کو دوسری ریاستوں سے طلب کیا گیا تھا ۔ یہاںاستعمال کیلئے پتھر راجستھان سے منگوائے جا رہے تھے ۔ کام تکمیل کے قریب تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا ۔ تاہم چھت منہدم ہونے کی اصل وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ رکن اسمبلی نے بتایا کہ انہوں نے مندر کے کچھ ذمہ داروں سے بات کی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ پلر کی تعمیر میں تاخیر یا اسے مستحکم بنانے میں لاپرواہی کی وجہ سے سبھا منڈپ اچانک منہدم ہوگیا ۔ اس دوران وزیر اعظم نریندرمودی نے پربھنی میں مندر کی چھت منہدم ہوجانے کے حادثہ پر افسوس کا اظہرا کیا ہے ۔ انہوں نے حادثہ میں ہلاک افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ضلع پربھنی مںی یہ مندر بہت زیادہ مقبول مانا جاتا ہے اور یہاںہر ہفتے کو پچیس تا پچاس ہزار افراد درشن کیلئے آتے ہیں۔