پرینکا گاندھی کی موجودگی میں 27 فبروری کو دو ضمانتوں پر عمل کا آغاز

   

عوام کو 500 روپئے میں گیاس سلینڈر اور 200 یونٹ مفت برقی حاصل ہوگی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔23فروری(سیاست نیوز) حکومت کی 2 ضمانتوں 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اور 200 یونٹ مفت برقی اسکیم کا 27 فروری کو کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کی موجودگی میں آغاز کیا جائیگا اور حکومت نے انہیں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج میڈارم جاترا میں شرکت کے دوران پوجا کے بعد میڈیا سے بات کے دوران یہ بات کہی۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت نے عوام سے وعدوں پر عمل شروع کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کانگریس نے اقتدار حاصل کرتے ہی عوامی حکمرانی کا آغاز ہوچکا ہے اور حکومت نے سیکریٹریٹ کے دورازوں کو شہریوں کیلئے کھول دیا جبکہ گذشتہ 10 برسوں میںصحافیوں کو بھی سیکریٹریٹ میں داخلہ کی اجاز ت نہیں تھی ۔ ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے میڈارم جاترا کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ جاترا میں وزیر اعظم کو مدعو کیا گیا تھا لیکن بی جے پی حکومت نے جنوبی ہند کے کمبھ میلہ کو نہ قومی تہوار کا موقف دیا اور نہ اسے اہمیت دی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت سے اندرون 60یوم 25ہزار ملازمتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاچکی ہے اور اندورن ایک سال جو 2لاکھ ملازمتوں کی فراہمی کا وعدہ ہے اسے پورا کیا جائے گا۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے ساتھ خواتین کیلئے مفت بس خدمات کا آغاز کیا اور آروگیہ شری اسکیم میں علاج کی حد کو 5 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ کردیا ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت سے 27 فروری کو مزید دو ضمانتوں پر عمل کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے انہوں نے 100 دن طلب کئے ہیں اور اس مدت سے قبل مسائل کو حل کرلیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ حکومت جلد تلنگانہ پریس اکیڈیمی صدرنشین کے تقرر کو یقینی بنائے گی ۔ انہو ں نے بتایا کہ حکومت نے تشکیل تلنگانہ کے 10 سال بعد عوام کو آزادی فراہم کی ہے اور عوام کی رائے کو اہمیت دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے سابق چیف منسٹر کے سی آر کی جاترامیں عدم شرکت پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ بھی اس جاترا کو نظرانداز کرتے رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے متحدہ آندھراپردیش کے سابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی جاترا کیلئے خصوصی توجہ کا تذکرہ کیا اور کہا کہ موجودہ وزیر سیتا اکا کی توجہ دہانی پر نائیڈو نے بھی میڈارم جاترا کیلئے خصوصی انتظامات کروائے تھے۔ انہو ںنے بتایا کہ تلنگانہ میں سیاحت کیلئے اقدامات کے علاوہ نوجوانوں کو ملازمت کی فراہمی کیلئے بھی کوشاں ہے۔ 3