لکھنؤ : حال ہی میں اترپردیش کے سہارنپور پولیس اسٹیشن کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا جس میں پولیس کی جانب سے چند نوجوانوں کو جانوروں سے بھی بدتر طریقہ سے پیٹا جارہا ہے جن پر الزام تھا کہ انہوں نے گستاخ نپورشرماکے خلاف احتجاج میں حصہ لیا تھا۔ تاہم کل پیر کے دن سہارنپور کی مقامی عدالت نے ان میں سے 8 نوجوانوں کے خلاف ثبوت پیش نہ کرنے پر پولیس کو پھٹکار لگاتے ہوئے باعزت رہا کردیا۔آج اسی اتر پردیش کے مین پوری اسٹیشن جو کہ دارالحکومت لکھنو سے تقریباً 250 کلومیٹر دور ہے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا ؍ٹوئٹر پر شیئر ہوا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہیکہ پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں ہی ایک نوجوان ایک پولیس عہدیدارکو مار رہا ہے۔ میڈیا کے مطابق اس نوجوان کو پولیس نے گھریلو تشدد کی شکایت پر پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا تھا تاہم حالت غصہ میں اس نوجوان نے پولیس عہدیدار کو مارنا شروع کردیا۔ اے این آئی کی جانب سے ٹوئٹ کیے گئے ایک ویڈیو میں، وہ نوجوان اپنے سامنے کھڑے پولیس والے کے ساتھ بحث کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے اور فوری حالت غصہ میں پولیس والے کو مارنا شروع کر دیتا ہے۔