پولیس رکروٹمنٹ میں قواعد طے کرنا حکومت کا اختیار تلنگانہ ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ

   

حیدرآباد 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائیکورٹ نے پولیس تقررات کے سلسلہ میں بعض امیدواروں کی جانب سے پیش کئے گئے اعتراضات کو مسترد کردیا۔ عدالت نے کہاکہ لاء اینڈ آرڈر ریاست کا معاملہ ہے اور پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ تقررات کے سلسلہ میں قواعد و ضوابط طے کرنا حکومت کا اختیار ہے۔ پولیس میں مختلف عہدوں پر تقررات کے خواہشمند 4 امیدواروں نے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے شکایت کی تھی کہ تقررات کے سلسلہ میں این سی سی کے اے، بی اور سی گریڈس کو مساوی اہمیت دی جارہی ہے۔ اسٹیشن فائر آفیسر، سب انسپکٹر اور پولیس کانسٹبل کے عہدوں کے لئے مذکورہ امیدواروں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ اُنھوں نے شکایت کی کہ این سی سی کا سی سرٹیفکیٹ کو تقررات کے سلسلہ میں اے اور بی سرٹیفکیٹ پر ترجیح دی جائے۔ درخواست گذاروں مرکزی وزارت داخلہ کے سرکولر کا حوالہ دیا جس میں مختلف سرٹیفکیٹس کی علیحدہ زمرہ بندی کی گئی تھی۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس ونود کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے واضح کیا کہ پولیس تقررات کے معاملہ میں ریاستی حکومت کو قواعد طے کرنے کا مکمل اختیار ہے۔ اِس معاملہ میں مرکزی وزارت داخلہ صرف تجاویز پیش کرسکتی ہے جبکہ مداخلت کا اختیار نہیں ہے۔ عدالت نے امیدواروں کی درخواستوں کو مسترد کردیا۔