چھپرا، 28 مئی (یواین آئی) بہار میں سارن ضلع کے مفصل تھانہ علاقے میں منگل کو گودریج شوروم کے مالک امریندر کمار سنگھ اور ان کے چچازاد بھائی ششی بھوشن سنگھ کے قتل کے بعد مشتعل لوگوں نے آج صبح پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کمار آشیش کی رہائش گاہ کا گھیراؤ کیا۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کمار آشیش نے متوفی کے اہل خانہ اور مقامی لوگوں کے ساتھ اس واقعہ کی فوری تحقیقات اور اس قتل میں ملوث مجرموں کی گرفتاری کا یقین دلایا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے متوفی کے اہل خانہ کو بتایا کہ اس معاملے کو حل کرنے کے لیے ان کی طرف سے ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے ۔ وہ خود لمحہ بہ لمحہ اس کیس کی تفتیش کے بارے میں معلومات حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرموں کی گرفتاری کے بعد عدالت سے فوری کارروائی کی درخواست بھی کی جائے گی۔