پولیس کمشنریٹس کی تنظیم نو کا جائزہ ، حدود اور انتظامی ضروریات پر بات چیت

   

اسٹیک ہولڈرس کی رائے شامل کرنے کی ہدایت ، ڈی جی پی سی وی آنند کا اجلاس
حیدرآباد ۔2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ سی وی آنند نے جمعرات کو اجلاس منعقد کرتے ہوئے حیدرآباد، سائبرآباد، ملکاجگیری اور فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹس میں پولیس اسٹیشنوں کے طویل التواء میں تنظیم نو کا جائزہ لیا اور اسے حتمی شکل دینے کے امور پر غور کیا۔ گذشتہ سال ڈسمبر کے آخر میں اس سلسلے میں احکامات جاری کئے تھے، تاہم کچھ پہلوؤں پر عمل درآمد باقی رہ جانے کی وجہ سے مختلف کمشنریٹس میں الجھن پائی جارہی تھی۔ اجلاس میں متعلقہ کمشنرز نے پولیس اسٹیشن حدود، علاقائی حدود، انتظامی ضروریات اور دیگر متعلقہ مسائل سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ ڈی جی پی نے ہدایت دی کہ پولیس اسٹیشن حدود کی تنظیم نو حکومت کے احکامات کے مطابق کی جائے اور اس میں میونسپل باڈیز، محکمہ مال کے حدود اور عدالتوں کے حدود کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے دیرپا منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل کی شہری توسیع، آبادی میں اضافے اور انتظامی تقاضوں کو بھی تنظیم نو کے دوران پیش نظر رکھا جائے۔ اس کے ساتھ ہی تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے شامل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ حیدرآباد شہر کے مخصوص علاقوں میں پولیس اسٹیشن حدود کے تعین کے حوالے سے ڈی جی پی نے واضح ہدایات جاری کیں اور کہا کہ نئی حدود ایسی ہونی چاہئیں کہ عوام سرکاری محکمہ اور عدلیہ کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے زیرِ بحث اختلافات اور فیلڈ کے مسائل کو حتمی شکل دے کر تجاویز میں شامل کروایا۔ سی وی آنند نے اس امر پر زور دیا کہ پولیس اسٹیشنوں کی تنظیم نو عوامی مرکزیت اور مؤثر پولیسنگ کو مضبوط بنائے اور عوام کو پولیس خدمات کی فراہمی میں بہتری لائے۔ اجلاس میں حیدرآباد کمشنر پولیس شری وی۔ سی۔ سجنّار، فیوچر سٹی کمشنر شری تارون جوشی، سائبرآباد کمشنر شری رامیش ریڈی، ملکاجگیری کمشنر پی سمتی سمیت جوائنٹ کمشنرز اور دیگر سینئر پولیس افسران موجود تھے۔بk/