9ستمبر درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ، اہل اور خواہشمند امیدوار چوکس ہوجائے
حیدرآباد :7 اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے ریاست میں پولیس تقررات 2026ء کے تحت 7,437 مختلف جائیدادوں پر آن لائن درخواستیں قبول کرنے کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے ۔ بورڈ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ بھرتیاں تلنگانہ پولیس ، اسپیشل پروٹیکشن فورس ، فائر سرویس اور جیل کے محکموں میں سب انسپکٹر اور کانسٹبل سطح کی جائیدادوں کیلئے جاری کیا گیا ہے ۔ اہل اور خواہشمند امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ www.tgprb.in کے ذریعہ آن لائن درخواستیں داخل کریں ۔ 19 اگست سے درخواستیں قبول کرنے کا آغاز ہوگا ۔ 9ستمبر شام 5 بجے تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں ۔ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ نے سب انسپکٹر کی جائیدادوں کیلئے SC اورST امیدواروں کیلئے 750 روپئے دیگر تمام زمرے جنرل / بی سی / ای ڈبلیو ایس امیدواروں کیلئے 1500 روپئے درخواست فیس مقرر کی گئی ہے ۔ کانسٹبل جائیدادوں کیلئے SC اور ST امیدواروں کیلئے 600 روپئے دیگر تمام زمرے جنرل بی سی اور ای ڈبلیو ایس امیدوارو ں کیلئے 1200روپئے فیس مقرر کی گئی ہے ۔ بورڈ نے امیدواروں کو بڑی مالی راحت دی ہے ۔ اگر کوئی PMT اور PET معیار پر اُترنے والی متعدد جائیدادو ں کیلئے درخواست دیتے ہیں تو ان سے اضافی درخواستوں کی فیس میں چھوٹ اور معافی دی گئی ہے ۔ درخواست دہندگان کی شفافیت اور جعلی امیدواروں کی روک تھام کیلئے ٹی ایس ایل پی آر بی نے اس بار نیا اور اہم ضابہ نافذ کیا ہے ۔ آن لائن درخواست فارم پُر کرنے سے قبل ہر امیدوار کو آدھار ، چہرے کی تصدیق کا عمل لازمی طور پر مکمل کرنا ہوگا ۔ اس مقصد کیلئے بورڈ نے تمام امیدوارو ںکو ہدایت دی ہے کہ وہ پہلے سے ہی اپنے اسمارٹ فونس میں الگ سے آدھار ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے رکھیں تاکہ فارم بھرتے وقت کوئی ٹیکنیکی دشواری پیش نہ آئیں۔ مزید تفصیلات اور نوٹیفکیشن کیلئے امیدوار ویب سائٹ پر لاگ ان کرسکتے ہیں ۔2