پکوان گیس کی قیمت میں مزید 50 روپئے کا اضافہ

   

نئی قیمتوں پر آج سے عمل آوری ، ایک سال میں پکوان گیس کی قیمتوں میں 8 مرتبہ اضافہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے پریشان غریب و متوسط طبقات کے افراد پر آئیل کمپنیوں کی جانب سے مزید مالی بوجھ عائد کردیا ہے ۔ گھریلو پکوان گیس 14.2 کلو سلنڈر پر 50 روپئے کا اضافہ کردیا ہے ۔ جس سے پکوان گیس سلنڈر کی قیمت 1055 سے بڑھ کر 1105 تک پہونچ گئی ہے ۔ اضافہ شدہ قیمتوں پر آج سے عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ ساتھ ہی 5 کلو پکوان گیس کی قیمت پر بھی آئیل کمپنیوں نے 188 روپئے کا اضافہ کیا ہے ۔ جب کہ کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں 8.50 روپئے کی کمی کی گئی ہے ۔ ایک طرف پٹرول ، ڈیزل اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام پریشان ہے ۔ عوام کی آمدنی میں کوئی اضافہ نہیں ہورہا ہے مگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔ جس سے عوام پر اضافی مالی بوجھ عائد ہورہا ہے ۔ اس طرح آئیل کمپنیوں کی جانب سے جولائی 2021 سے اب تک جملہ 8 مرتبہ پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے ۔ ساتھ ہی جولائی میں دو مرتبہ کمرشیل 19 کلو گیس کی قیمت میں 198 روپئے تک کمی کی گئی ہے ۔ مرکزی وزارت پٹرولیم نے گذشتہ ماہ ایک اہم فیصلہ کیا تھا ۔ جس پر 16 جولائی سے عمل آوری ہوگی ۔ نیا گیس کنکشن حاصل کرنے والے صارفین کے لیے ون ٹائم سیکوریٹی ڈپازٹ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ۔ گھریلو پکوان گیس سیلنڈر کی سیکوریٹی ڈپازٹ کو 1450 روپئے سے بڑھا کر نیا کنکشن حاصل کرنے والوں کے لیے 2500 روپئے کردیا ہے ۔ ساتھ ہی 5 کلو گیس سلنڈر کی ڈپازٹ قیمت کو 800 روپئے سے بڑھاکر 1150 روپئے کردیا ۔ پہلے ریگولیٹر 150 روپئے میں دستیاب ہوتا تھا اس کی قیمت میں 100 روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے 250 روپئے کردیا ہے ۔۔ ن

حیدرآباد میں اضافہ کے بعد گیس سلینڈر کی قیمت
حیدرآباد۔ 6 جولائی (پریس نوٹ) گھریلو استعمال کے لئے 14.2 کیلو گرام کے پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ کردیا گیا ہے۔ آئیل کمپنیوں نے فی گیس سلینڈر پر 50 روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میں حیدرآباد میں گیس سلینڈر کی قیمت 1055 روپے سے بڑھ کر 1105 روپے ہوگئی ہے۔ مئی 2022 کے بعد سے پکوان گیس سلینڈر کی قیمت میں تیسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ پکوان گیس کی قیمت میں اضافہ سے عوام پر مزید بوجھ عائد ہوگا۔