لیما : پیرو میں سیاسی افراتفری کے درمیان ’بغاوت‘اور’سازش‘ کے الزام میں صدر پیڈرو کاسٹیلو کی برطرفی اور گرفتاری کے ایک روز بعد دینا بولوارٹ نے ملک کے نئے سربراہ کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ وہ ملک کی پہلی خاتون صدر بن گئی ہیں۔جنوبی امریکی ملک پیرو میں کئی گھنٹوں تک سیاسی غیر یقینی صورت حال اور مقننہ اور صدر کے درمیان رسہ کشی کے بعد بالآخر نائب صدر دینا بولوارٹ کو ملک کے نئے صدر کے طور پر حلف دلا دیا گیا جبکہ سابق صدر پیڈرو کاسٹیلو کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کاسٹیلونے مواخذہ سے بچنے کے لیے پارلیمان کو تحلیل کرنے کی کوشش کی تھی۔بولوارٹ نے بعد میں پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج سے آئندہ 26 جولائی سن 2026 تک کے لیے، جب کاسٹیلو کی مدت مکمل ہونے والی تھی، صدارت کا عہدہ سنبھال رہی ہیں۔