پیشہ ورانہ مہارت ، انٹرویوز کی تیاری کیلئے رہنمائی

   

سنگاریڈی میں 27 ستمبر کو پروفیشنل اِسکلس ڈیولپمنٹ ورکشاپ ، ایس آئی او کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی ۔20 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) سنگاریڈی کے زیر اہتمام 27 ستمبر کو صبح 10 بجے تا دوپہر 2 بجے ایم ایم کلاسک گارڈن سنگاریڈی میں پروفیشنل اسکلز ڈیولپمنٹ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ اس سلسلے میں SIO سنگاریڈی کے سٹی پریزیڈنٹ رحمان حیدری، جنرل سکریٹری عبدالملک، آرگنائزنگ سیکرٹری مصعب وسیع الدین، قمر الزماں، وجاہت خان اور محمد ایاز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ورکشاپ کے پوسٹر کی رسمِ رونمائی انجام دی اس موقع پر منتظمین نے بتایا کہ ورکشاپ کا بنیادی مقصد طلبہ اور کیریئر کے خواہش مند نوجوانوں کی تعلیمی قابلیت اور پیشہ ورانہ میدان میں درکار عملی مہارتوں کے درمیان موجود خلا کو دور کرنا ہے۔ ورکشاپ میں ریزیومے اور لنکڈ اِن پروفائل کی تیاری، پیشہ ورانہ ابلاغ، انٹرویو کی تیاری فرضی انٹرویوز، صنعت سے متعلقہ مہارتیں، مختلف کورسیز و سرٹیفیکیشنس، ڈیجیٹل اسکلس اور پیشہ ورانہ زندگی میں مصنوعی ذہانت (AI) کے عملی استعمال جیسے اہم موضوعات پر رہنمائی فراہم کی جائے گی۔منتظمین کے مطابق ورکشاپ کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں اور مہارتوں میں موجود کمی کو شناخت کرنے، صنعت کی بدلتی ہوئی ضروریات کو سمجھنے اور مستقبل کے پیشہ ورانہ چیلنجز کے لیے خود کو بہتر انداز میں تیار کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ ان کے مطابق سنگاریڈی میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی پروفیشنل اسکلس ڈیولپمنٹ ورکشاپ ہے، جس میں پروفیشنل اسکلس، انڈسٹری ایکسپوژر اور AI ریڈینس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ورکشاپ میں طلبہ اور نوجوان پروفیشنلس شرکت کرسکتے ہیں۔ شرکت کے لیے رجسٹریشن فیس 100 روپے مقرر کی گئی ہے۔