فلوریڈا: ناسا نے چہارشنبہ کے روز چاند کے سفر پر اب تک کا سب سے طاقتور راکٹ لانچ کردیا ہے۔ تیز روشنی اور زبردست آواز کے ساتھ پیچھے مہیب آگ پھینکتے ہوئے آرٹیمس 1 راکٹ آج سطح زمین سے خلا کی جانب بلند ہوا اور چاند کے سفر پر روانہ ہوگیا۔ آرٹیمس، امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا ایک فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے ذریعہ 2025 تک انسانوں کو چاند پر بھیجنے کا منصوبہ ہے۔آرٹیمس 1 راکٹ کی اونچائی ایک 32 منزلہ عمارت جتنی بلند ہے۔ اسے خلائی لانچ سسٹم (ایس ایل ایس) فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے امریکی وقت کے مطابق منگل اور چہارشنبہ کی درمیان شب 1:47 بجے لانچ کیا گیا۔آرٹیمس راکٹ کے بلند ہوتے ہی ناسا نے ٹویٹ کیا ’’ہم جا رہے ہیں۔‘‘راکٹ کے اوپری حصے میں اورین خلائی جہاز ہے جو زمین کے قریب ترین پڑوسی چاند کے مدار کا ایک مکمل اور ایک نصف چکر لگائے گا۔امریکہ نے آخری بار 1969-1972 کے دوران اپولو مشن کے ذریعہ چاند پر خلاباز بھیجے تھے۔ اس بار ناسا امید کررہا ہے کہ چاند پر انسانوں کی مستقل موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔