چاند کے قطب جنوبی پر انڈیاکی سافٹ لینڈنگ تاریخی لمحہ

   

اسرو اور چندریان 3 کی کامیابی نے دنیا کو متاثر کیا ۔ راجیہ سبھا میں پیوش گوئل کی تقریر
نئی دہلی : راجیہ سبھا میں قائد ایوان پیوش گوئل نے آج کہا کہ چاند کے جنوبی قطب پر ہندوستانی چندریان 3 کی سافٹ لینڈنگ دنیا کی تاریخ کا ایک تاریخی لمحہ ہے جسے صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔ گوئل نے راجیہ سبھا میں ہندوستان کا شاندار خلائی سفر چندریان 3 کی کامیاب سوفٹ لینڈنگ پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ چندریان 3 کی چاند کے جنوبی قطب پرسافٹ لینڈنگ سے نہ صرف ملک کاہر فرد فخر محسوس کر رہاہے بلکہ اس سے جی 20 سمٹ کے دوران آنے والے غیر ملکی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن کی کامیابی ثابت کرتی ہے کہ ہندوستان بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنے اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی حوصلہ افزائی اور اعتماد سے ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارے کے سائنسدانوں نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے ۔ اس کامیابی میں ہندوستان کے میک ان انڈیا مہم نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔ چندریان 3 مشن میں ہندوستانی کمپنیوں کے تیار کردہ پرزے استعمال کیے گئے ہیں۔
چندریان 3 مشن کی تمام توقعات 100 فیصد پوری ہوئیں اور ان کا وقت بھی درستگی سے بھرپور تھا۔ اس کے لیے اسرو کی ٹیم بالخصوص خواتین سائنسدانوں کا تعاون قابل ستائش رہا ہے ۔ مسٹرگوئل نے کہا کہ اسرو کی خواتین سائنسدان ہندوستان کا فخر ہیں۔ خواتین ریزرویشن بل کا پیش ہونا ان خواتین کے تئیں شکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندریان 3 مشن کے وکرم، پرگیان اور دیگر آلات ہندوستان میں تیار کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہندوستانی مصنوعات کے معیار کو ثابت کیا ہے اور پوری دنیا میں ہنر کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ اسی وجہ سے پوری دنیا کا ہندوستان پر بھروسہ ہے ۔مسٹر گوئل نے کہا کہ ہندوستان کی خلائی ٹیکنالوجی ہندوستانیوں کی ترقی میں مدد کرے گی۔