چندرا بابو نائیڈو کی ضمانت کی منسوخی کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت

   

ہریش سالوے کی اپیل پر فروری میں سماعت ہوگی
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کی ضمانت منسوخ کرنے سے متعلق درخواست کی آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ آندھراپردیش حکومت کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں چندرا بابو نائیڈو کی ضمانت منسوخ کرنے کی اپیل کی گئی جس پر سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے چار ہفتوں میں جواب داخل کرنے کی اجازت دی ہے ۔ چندرا بابو نائیڈو کی نمائندگی کرنے والے سینئر قانون داں ہریش سالوے نے عدالت سے درخواست کی کہ حکومت کے حلفنامہ پر جواب داخل کرنے چار ہفتہ کی مہلت چاہئے ۔ انہوں نے آئندہ سماعت 9 فروری کو مقرر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی دوسرے ضروری کام ہیں جس کے سبب وہ کاؤنٹر داخل کرنے کیلئے وقت مانگ رہے ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت 12 فروری کو مقرر کرتے ہوئے ہرش سالوے کی درخواست کو قبول کرلیا۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش حکومت نے چندرا بابو نائیڈو کے خلاف کئی اسکامس میں مقدمات درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔ اسکل ڈیولپمنٹ اسکام میں چندرا بابو نائیڈو تقریباً دیڑھ ماہ تک جیل میں رہے جس کے بعد انہیں سپریم کورٹ میں ضمانت ملی ہے ۔ دوسری طرف چندرا بابو نائیڈو نے ان کے خلاف درج مقدمات کو کالعدم قرار دینے کی جو اپیل کی ہے وہ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کے اجلاس سے رجوع کی جارہی ہے۔ 1