سری نگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ چاند کے جنوبی قطب پر چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ سے جموں وکشمیر کے لوگوں میں بھی اسی طرح کا جوش و خروش دیکھا گیا جس طرح کا جوش و جذبہ پورے ملک میں تھا۔انہوں نے کہ یہ صرف بھارت کی نہیں بلکہ پوری انسانیت کی کامیابی ہے ۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘چندریان 3 کی کامیابی پورے دیش کے لئے فخر کی بات ہے اور ملک کے ایک عرب 46 کروڑ لوگوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مبارک بادی پیش کی’۔ان کا کہنا تھا: ‘جموں و کشمیر کے لوگوں میں بھی وہی جو ش و خروش دیکھا گیا جو ملک کے باقی حصوں کے لوگوں میں دیکھا گیا’۔مسٹر سنہا نے کہا کہ یہ صرف ملک کی نہیں بلکہ انسانیت کی کامیابی ہے ۔انہوں نے ضلع بڈگام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ضلعے کو کافی اہمیت حاصل ہے ۔