چھتیس گڑھ میں انکاؤنٹر ‘ 36 ماؤیسٹ ہلاک ‘ سکیوریٹی فورسیس کی بڑی کارروائی

,

   

بھاری تعداد میں ماؤیسٹوں کی موجودگی پر تلاشی مہم کے دوران جھڑپ ۔ رائفلس اور دیگر ہتھیار ضبط ۔ مفرور ماؤیسٹوں کی تلاش جاری

نئی دہلی : چھتیس گڑھ کے سرحدی علاقے میں ہوئے ایک خطرناک انکاونٹر میں سکیوریٹی فورسیس نے 36ماؤیسٹوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی چھتیس گڑھ میں نارائن پور ۔ دنتے واڑہ سرحد کے قریب کی گئی جس میں سکیوریٹی فورسیس کو حالیہ وقتوں کی سب سے بڑی کامیابی حاصل ہوئی ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ضلع ریزرو گارڈ اور اسپیشل ٹاسک فورس نے کل سے اس علاقہ میں انسداد ماویسٹ آپریشن کا آعاز کیا تھا اور آج دو پہر 12.30 بجے ان فورسیس کا ماؤیسٹوں سے ٹکراؤ ہوگیا ۔ ذرائع نے کہا کہ شام کے بعد تک بھی انکاؤنٹر جاری رہا اور ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ انکاؤنٹر کے مقام سے جہاں نعشیں دستیاب ہوئی ہیں وہیں کئی اے کے رائفلس اور دوسرے اسلحہ اور ہتھیار بھی ضبط کئے گئے ۔ کہا گیا ہے کہ انٹلی جنس سے یہ اطلاعات مل رہی تھیں کہ علاقہ میں کثیر تعداد میں ماؤیسٹ موجود ہیں ۔ اس اطلاع پر جوائنٹ آپریشن کیلئے علیحدہ ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور انہیں گوول ‘ نیندور اور تھل تھلی گاووں میںروانہ کیا گیا جو اورچہ اور برسور پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں ہیں۔ یہاں سکیوریٹی فورسیس کی جانب سے تلاشی مہم شروع کئی گئی تھی جس کے بعد ماؤیسٹوں کے ساتھ ٹکراؤ ہوگیا ۔ سکیوریٹی فورسیس نے فائرنگ میں 36 نکسلائیٹس کو ہلاک کردیا ۔انسپکٹر جنرل پولیس بستر رینج سندر راج نے بتایا کہ فائرنگ کا تبادلہ دن میں ایک بجے شروع ہوا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ سکیوریٹی فورسیس کی جانب سے انتہائی احتیاط کے ساتھ بچے ہوئے ماؤیسٹوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے جن کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ وہ گھنے جنگلات کے اندر روپوش ہوگئی ہیں۔ ان کو تلاش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ چھتیس گڑھ میں ماؤیسٹ تشدد اور تخریب کاری سے نمٹنے کی کوششوں میں سکیوریٹی فورسیس کی یہ ایک بڑی کامیابی ہے ۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ وشنو دیو نے اس کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور انہوں نے اس کارروائی پر سکیوریٹی فورسیس کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ نکسل ازم اب اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے اور اسے ریاست میں پوری طرح ختم کردیا جائیگا ۔