تھرواننتھاپورم: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا۔مارکسی کے لیڈر ساجی چیرین کو بطور ایم ایل اے نااہل قرار دینے کے لیے کیرالہ ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی ہے ۔ چیرین نے ہندوستانی آئین کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کیے تھے جس کے بعد ان کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ درخواست کی سماعت جسٹس اے منی کمار اور جسٹس شاہجی پی چلی کی دو رکنی بنچ کرے گی۔ سی پی آئی (ایم) لیڈر پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر ایک عوامی تقریب میں آئین کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ ایڈوکیٹ پی کے پردیپ کمار درخواست گزار کی طرف سے عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی جرح میں انہوں نے مسٹر چیرین پر آئین کے آرٹیکل 173(A) اور 188A کی خلاف ورزی کا الزام لگایا۔ انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ملزم کے خلاف نیشنل پرائیڈ ایکٹ 1971 کی توہین کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے ۔