قواعد کی خلاف ورزی کے ذریعہ بھاری آمدنی، ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/12 اپریل،( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر خاندان کو فائدہ پہنچانے کیلئے حیدرآباد شہر کو قربان کردیا گیا ہے۔ شہر اور اس کے اطراف اراضی اسکام میں چیف منسٹر کے افراد خاندان ملوث ہیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ چیف منسٹر خاندان کے اراضی اسکامس کے بارے میں کھلے مباحث کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر اسکام میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ محض الزام تراشی کیلئے تفصیلات کو جاری نہیں کررہے ہیں بلکہ وہ شہر کے مستقبل کے تحفظ کے بارے میں فکر مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام حیدرآباد نے بھی اراضی معاملات میں اس قدر بے قاعدگیاں نہیں کی تھیں جس قدر کے سی آر خاندان کررہا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست تلنگانہ عوام کیلئے حاصل کی گئی تھی لیکن صرف کے سی آر خاندان کو اس کا فائدہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں اراضی سے متعلق قواعد موجود تھے لیکن کے سی آر حکومت نے من مانی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ جوبلی ہلز کے علاقہ میں تجارتی اداروں کو صرف پانچ منزل تک تعمیر کی اجازت تھی۔ کے بی آر پارک کو سیاحتی اور ماحولیاتی مرکز قراردیا گیا تھا لہذا اس کے اطراف تعمیرات نہیں کی جاسکتیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک خانگی ڈیولپر نے نظام حیدرآباد کے وارثین سے ہیرٹیج عمارت حاصل کی۔ سڑک کی توسیع میں 7616 گز اراضی جانے کے بعد 6900 گز اراضی باقی رہی جس میں 1200 گز گرین بیلٹ کے تحت ہے باقی 5800 گز پر تعمیرکی اجازت دی جاسکتی ہے لیکن نمستے تلنگانہ کے دامودر راؤ نے 2704 گز اراضی حاصل کرلی۔ پانچ منزلوں سے تعمیر کی اجازت دی گئی ہے۔ نمستے تلنگانہ کے کے سی آر مالک ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ وہ عمارت کا صحافیوں کو جمعرات کے دن معائنہ کرائیں گے۔ر