نرملا سیتارامن اور اشونی ویشنو سے ملاقات کا منصوبہ، حیدرآباد میٹرو ریل فیس II کی منظوریوں پر توجہ
حیدرآباد 21 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی ممبئی سے نئی دہلی روانہ ہوئے جہاں وہ دو دن قیام کرینگے۔ تلنگانہ کے مختلف پراجکٹس ‘ خاص طور پر حیدرآباد میٹرو فیس II پراجکٹ کی منظوری کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ رائے درگ کی اراضی معاملہ میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے جاری تنازعہ پر چیف منسٹر ریزرو بینک آف انڈیا اور مرکزی وزارت فینانس سے نمائندگی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے ممبئی میں شرد پوار کی نواسی اور رکن پارلیمنٹ سپریہ سولے کی دختر ریوتی کی شادی میں شرکت کی ۔ وہاں سے نئی دہلی روانہ ہوگئے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی رائے درگ کی اراضی کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست پر وزیر فینانس نرملا سیتارامن سے نمائندگی کریں گے۔ رائے درگ اراضی معاملہ میں ایس بی آئی کے ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کے بعد سرکاری سطح پر ایس بی آئی کے معاملات متاثر ہونے کا امکان ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی کو مکتوب روانہ کرکے حیدرآباد میٹرو ریل فیس II اور دیگر زیر التواء پراجکٹس کی منظوری میں تعاون کی خواہش کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ 22 اور 23 جون کو نئی دہلی میں دستیاب رہیں گے۔ انہوں نے کشن ریڈی سے خواہش کی کہ میٹرو ریل پراجکٹ کیلئے وزیر ریلویز اشونی ویشنو سے ملاقات کا اہتمام کریں۔ ریونت ریڈی حیدرآباد میٹرو ریل فیس II کی منظوری کے علاوہ انڈین ریلوے فینانس کارپوریشن سے منظورہ قرض کی اجرائی کی نمائندگی کریں گے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ اپنے ساتھ پراجکٹ اور قرض معاہدہ کے تمام دستاویزات کے ساتھ دہلی پہنچ رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے 16 جون کو کشن ریڈی کو روانہ کردہ اپنے مکتوب کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے تلنگانہ زیر التواء پراجکٹس کی منظوری میں تعاون کی خواہش کی۔ مرکزی محکمہ جات اور وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے ضروری منظوریاں حاصل کرنے کی خواہش کی گئی۔ امید کی جارہی ہے کہ چیف منسٹر نئی دہلی میں دو روزہ قیام کے دوران مختلف مرکزی وزراء کے علاوہ اے آئی سی سی قائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔ 1؍F