چیف منسٹر ریونت ریڈی سے گوتم اڈانی کے فرزند کی ملاقات

   

تلنگانہ میں ڈاٹا سنٹر کا قیام اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا عزم، حکومت سے تعاون کی درخواست

حیدرآباد۔3۔جنوری(سیاست نیوز) کرن اڈانی منیجنگ ڈائریکٹر اڈانی پورٹس و فرزند گوتم اڈانی نے آج سکریٹریٹ پہنچ کر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اڈانی گروپ تلنگانہ میں اپنی سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ اڈانی گروپ کے وفد نے تلنگانہ میں اڈانی گروپ کی سرمایہ کاری و دیگر امور کے متعلق چیف منسٹر کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ اڈانی گروپ ریاست میں ڈاٹا سنٹر کے قیام کے علاوہ ایرواسپیس شعبہ میں سرمایہ کاری جاری رکھے گا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر ڈی سریدھر بابو بھی موجود تھے۔ بتایاجاتا ہے کہ اڈانی گروپ کے وفد نے تلنگانہ میں جاری اپنے پراجکٹس کی توسیع کے علاوہ دیگر پراجکٹس کے آغاز کے سلسلہ میں ریاستی حکومت سے تعاون طلب کیا ہے اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اگر تعاون کیا جاتا ہے تو اڈانی گروپ تلنگانہ میں نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے نئے صنعتی اداروں کے قیام کے لئے تیار ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں نوجوانوں کو ملازمتوں کی فراہمی اور بے روزگاری کے خاتمہ کو یقینی بنانے والی صنعتوں کے قیام کے سلسلہ میں حکومت مکمل تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔کرن اڈانی نے تلنگانہ میں ایرواسپیس پارک کے قیام کے علاوہ ڈاٹا سنٹر کے قیام کے لئے سرمایہ کاری کے منصوبہ سے چیف منسٹر کو واقف کروایا جس پر چیف منسٹر نے تیقن دیا کہ وہ عہدیداروں اور دیگر کابینی رفقاء سے اس سلسلہ میں تبادلہ خیال و مشاورت کے بعد سرکاری سطح پر کوئی فیصلہ کریں گے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اڈانی گروپ کی تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے فیصلہ کا چیف منسٹر کی جانب سے خیر مقدم کئے جانے پر بعض گوشوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا ہے جبکہ ریاستی حکومت نے جاریہ پراجکٹس کے متعلق تفصیلات سے آگہی کے حصول کے علاوہ نئی سرمایہ کاری کے سلسلہ میں غور کرنے کا تیقن دیا ہے۔ اجلاس میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو کے لئے سانتی کماری چیف سکریٹری ‘ شاہنواز قاسم سیکریٹری چیف منسٹر آفس کے علاوہ پرنسپل سکریٹری انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی جئیش رنجن اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔3