مانسون کی ناکامی اور اثرات سے نمٹنے پر ہنگامی منصوبہ
حیدرآباد۔ 14 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کل 15 اکتوبر سہ پہر 4 بجے ریاستی وزراء کے ساتھ سکریٹریٹ میں اجلاس طلب کیا ہے۔ اگرچہ اسے کابینی اجلاس نہیں کہا گیا لیکن عملاً اس کو کابینہ کا غیر رسمی اجلاس تصور کیا جارہا ہے۔ ریاست میں مانسون کی ناکامی اور ایل نینو کی صورتحال سے پیدا شدہ زرعی شعبہ کے بحران اور ریاست میں مانسون کی ناکامی کے اثرات سے نمٹنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ برقی اور پانی کی سربراہی کے سلسلہ میں ہنگامی منصوبہ کو قطعیت دی جائے گی۔ خشک سالی سے متاثرہ منڈلوں کی نشاندہی کرتے ہوئے مرکز کو رپورٹ کی تیاری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ضلع کلکٹرس کی رپورٹ کی بنیاد پر تاحال 230 منڈلوں کی نشاندہی کی گئی جو خشک سالی کا شکار ہیں۔ کسانوں کو متبادل فصلوں کی ترغیب دی جائیگی۔ ریونت ریڈی نے اس مسئلہ پر اپوزیشن قائدین اور ماہرین سے بھی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ 1؍F