حیدرآباد 25 جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ آج شام نئی دہلی روانہ ہوئے۔ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ پارٹی کے سینئر قائدین کے ہمراہ کے سی آر نئی دہلی پہنچے ۔ چیف منسٹر کے دورہ دہلی کی سرگرمیوں کے بارے میں اُن کے آفس اور پارٹی قائدین کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی تاہم بتایا جاتا ہے کہ نئی دہلی میں قیام کے دوران کے سی آر ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔ قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کی سرگرمیوں کے احیاء کے لئے چیف منسٹر کا دورہ دہلی اہمیت کا حامل ہے۔ پارلیمنٹ اجلاس کے دوران نئی دہلی میں اہم قائدین کی موجودگی یقینی رہتی ہے اور چیف منسٹر نے اِسی مناسبت سے اپنے دورہ کا پروگرام بنایا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں پارٹی کی حکمت عملی پرٹی آر ایس لوک سبھا اور راجیہ سبھا ارکان سے مشاورت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر دو دن دہلی میں قیام کریں گے ۔ اس دوران وہ اہم قومی مسائل پر تبادلہ خیال کے علاوہ کسانوں کے یونینوںکے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے ۔ کے سی آر کے دہلی کے دورہ سے متعلق کئی قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں۔