چیف منسٹر کے جلسہ عام میں ایک لاکھ افراد کی شرکت متوقع

   

اُتم کمار ریڈی نے جلسہ کی تیاریوں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، جگاریڈی بھی شریک

سنگاریڈی 11 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی میں وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کا جلسہ عام 15 اگست کو منعقد ہوگا اس خصوص میں سیکریٹریٹ میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ آبپاشی اور سیول سپلائیز وزیر اُتم کمار ریڈی نے اپنے چیمبر میں اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں ٹی پی سی سی ورکنگ پریسیڈنٹ جگا ریڈی، سنگاریڈی ضلع کلکٹر پرتیک جین، نارائن کھیڑ کے ایم ایل اے سنجیو ریڈی، سیٹ وِن چیئرمین گریدھر ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔وزیر دامودر راج نرسِمہا وائرل فیور میں مبتلا ہونے کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ کے جلسہ عام کے لیے بڑے پیمانے پر عوامی اجتماع، اسٹیج، سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا وزیراعلیٰ ریونت ریڈی 15 اگست کو دوپہر 2 بجے سنگاریڈی پہنچیں گے اور شام 4 بجے تک سنگاریڈی میں موجود رہیں گے۔ وزیر اْتم کمار ریڈی اور جگا ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جلسہ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے عوامی اجتماع، سکیورٹی اور دیگر انتظامات میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دینے کی ہدایت دی۔10 مستحقین کو اسمارٹ راشن کارڈ دیئے جائیں گے ۔ اُتم کمار ریڈی نے بتایا کہ متحدہ میدک ضلع کے 10 اسمبلی حلقوں سے ایک، ایک مستحق سمیت مجموعی طور پر 10 مستحقین کو وزیراعلیٰ ریونت ریڈی جلسہ کے اسٹیج سے خود نئے اسمارٹ راشن کارڈ حوالے کریں گے ۔ انہوں نے سنگاریڈی ضلع کلکٹر پرتیک جین کو اس سلسلے میں ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی۔اُتم کمار ریڈی اور جگا ریڈی نے کہا کہ سنگاریڈی میں تقریباً ایک لاکھ افراد کی شرکت کے ساتھ بڑے پیمانے پر جلسہ عام منعقد کرنے کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں۔