چیف منسٹر کے مکان کے قریب لاوارث بیاگ سے سنسنی، سکیورٹی عملہ نے چوکسی بڑھادی

   

حیدرآباد 15 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے جوبلی ہلز میں واقع مکان کے قریب سکیورٹی عملہ کو ایک لاوارث بیاگ دستیاب ہوا جس کے بعد سکیورٹی عملہ نے چیف منسٹر کے مکان کے اطراف سکیورٹی میں اضافہ کردیا۔ لاوارث بیاگ ملنے پر بم اسکواڈ کو طلب کرلیا گیا اور بیاگ کو قبضہ میں لیتے ہوئے مکمل جانچ کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کے مکان کے راستہ میں ہر آنے جانے والی تمام گاڑیوں کی بھی تلاشی شروع کردی گئی اور ساتھ ہی چیف منسٹر ریونت ریڈی کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا۔ چیف منسٹر کے مکان کے اطراف نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ سکیورٹی عملہ اس لاوارث بیاگ کے معاملہ میں انتہائی سنجیدگی کے ساتھ کام کررہا ہے اور ہر ممکنہ خطرہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی عملہ تیار ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے اور مکان کے اطراف کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی باریکی کے ساتھ جانچ کی جارہی ہے اور پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ یہ بیاگ کسی نے اتفاقی طور پر بھول گیا یا پھر کوئی دوسرا معاملہ ہے۔ جب تک بیاگ کی مکمل جانچ نہیں ہوگی علاقہ میں سکیورٹی کو سخت کردیا گیا ہے اور لاوارث بیاگ کے ملنے کے بعد سکیورٹی عملہ پر سوالیہ نشان پیدا ہوگیا ہے۔ (ش)