واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین ڈیل کرنا چاہتا ہے ، ہم ڈیل کرنے جارہے ہیں، یہ منصفانہ ڈیل ہوگی۔صدر ٹرمپ نے حکومت کے 100 دن مکمل ہونے پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت کے کامیاب ابتدائی 100 دن عقل کا انقلاب ہے ، ملکی تاریخ کے سب سے کامیاب 100 دن مکمل ہونے کا جشن منانے پر خوش ہوں۔انہوں نے کہا کہ غیرقانونی بچوں کے لیے خودکار شہریت ختم کرنے کے حکم نامے پر دستخط کیے ہیں۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن نے ہمیں بتایا کہ امیگریشن کے بہاؤ کو ختم کرنا ناممکن ہے ، قا نون سازی کی بھی ضرورت ہے ، پتہ چلا کہ صرف ایک نئے صدر کی ضرورت تھی۔
برطانیہ کا جنسی مجرمین کو پناہ نہ دینے کا اعلان
لندن : برطانوی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ نئے بارڈر سیکیورٹی، اسائلم اینڈ امیگریشن بل کے تحت جنسی جرائم کا ارتکاب کرنے والے غیر ملکی شہری برطانیہ میں پناہ حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے ہوم آفس نے کہا کہ کسی بھی جنسی جرم میں ملوث ہونے پر سزا پانے والے غیر ملکی کو پناہ گزین اسٹیٹس حاصل کرنے کی اہلیت سے محروم کر دیا جائے گا۔اقوام متحدہ کے ریفوجی کنونشن کے تحت ممالک دہشت گردوں، جنگی جرائم میں اور “خاص طور پر سنگین جرم” کے مرتکب افراد کو پناہ دینے سے انکار کرنے کا حق رکھتے ہیں، برطانیہ میں سنگین جرائم انہیں قرار دیا جاتا ہے جن پر 12 ماہ یا اس سے زیادہ کی سزا دی جا سکتی ہے۔