بیجنگ: چین کی حکومت نے اپنے ملک سے سفر کرنے والے مسافروں پر عائد کورونا پابندیوں کو ’ناقابل قبول‘ قرار دیا ہے۔خبر ساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مزید ممالک نے چین سے سفر کرنے والوں پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں جس پر چین کی حکومت نے ردعمل دیا ہے۔چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ چین کو نشانہ بناتے ہوئے چند ممالک نے داخلے پر سختی کی ہے۔خیال رہے کہ چین میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد امریکہ، کینیڈا، جاپان، فرانس اور چند دیگر ممالک نے چین سے آنے والے تمام مسافروں کو پہنچنے سے قبل منفی کورونا ٹیسٹ فراہم کرنے کا کہا ہے۔چینی ترجمان نے پابندیوں سے متعلق کہا کہ یہ سائنسی بنیاد پر نہیں ہیں اور چند اقدامات ناقابل قبول ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ ’چین بھی بدلے کے اصول پر اقدامات کرے گا۔‘چینی ترجمان کے بیان پر امریکہ نے واضح کیا کہ چین کی طرف سے فراہم کردہ ڈیٹا کافی نہیں ہے اور شفافیت کی کمی کے جواب میں یہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔