ڈونالڈ ٹرمپ کی کمپنی شہر میں ہمہ منزلہ رہائشی ٹاورس تعمیر کرے گی

   

حیدرآباد عالمی کمپنیوں کیلئے بھی مرکز توجہ

حیدرآباد۔24۔اکٹوبر(سیاست نیوز) سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کمپنی ٹرمپ ریالٹی نے شہر میں ایک پراجکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے شہر حیدرآباد کی ایک سرکردہ رئیل اسٹیٹ کمپنی سے اشتراک کیا گیا جو کہ ٹرمپ ریالٹی کے ساتھ مشترکہ طور پرشہر کے نواحی علاقہ خانم میٹ میں حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ ہراج کردہ اراضی پر 27 منزلہ دو طویل رہائشی ٹاورس کی تعمیر عمل میں لائے گی اور ان ٹاورس کی تعمیر میں سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کمپنی ٹرمپ ریالٹی نے مقامی رئیل اسٹیٹ کمپنی کے ساتھ مشترکہ پراجکٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق 2.92 ایکڑ اراضی پر مجوزہ ٹاورس کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد سے اجازت ناموں کی اجرائی قطعی مراحل میں ہے جبکہ محکمہ فائر کی جانب سے ان ہمہ منزلہ ٹاورس کی تعمیر کیلئے اجازت نامہ جاری کیا جاچکا ہے۔ بتایا گیا کہ ٹرمپ ریالٹی کے اس پراجکٹ کیلئے کمپنی ذمہ داروں نے شہر کا دورہ کرکے اپنی شراکت دار کمپنی کے ذمہ داروں سے مذاکرات مکمل کرلئے ہیں اور اس پراجکٹ میں 5تا 6بیڈروم پر مشتمل فلیٹس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ منصوبہ کے مطابق 4کمروں پر مشتمل فلیٹ 4000تا5000 مربع فیٹ پر محیط ہوں گے جبکہ 5 کمروں پر مشتمل فلیٹس 5000تا6000 مربع فیٹ پر محیط ہوں گے۔ ٹرمپ ریالٹی کمپنی کے شہر حیدرآباد کی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کے بعد کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کے محکمہ جات کی جانب سے ان ٹاورس کی تعمیر کے لئے درکار اجازت ناموں کی عاجلانہ اجرائی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ مزید بیرونی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کے لئے راغب کروایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی کی جانب سے شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں میں تعمیر کئے جانے والے اس پراجکٹ کے کاموں کا آغاز جاریہ سال کے اواخر میں کردیئے جانے کی توقع ہے ۔ رئیل اسٹیٹ شعبہ میں ٹرمپ ریالٹی کے شہر حیدرآباد میں پراجکٹ کے آغاز کے بعد سے رئیل اسٹیٹ شعبہ کی حالت میں سدھار کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ خانم میٹ میں تعمیر کئے جانے والے اس ٹوئن ٹاور کو منظوری کے بعد شہر میں مزید ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے اور مزیر بلند و بالا عمارتوں کے لئے اجازت کی فراہمی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔