انٹرنیشنل ایکسپو میں شرکت ۔ سرمایہ کاروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیں گے
حیدرآباد ۔ 21 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک عہدیداروں کے ایک وفد کے ساتھ آج امریکہ اور جاپان کے دورے پر روانہ ہوگئے ۔ سرمایہ کاروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دینے اور ساتھ ہی مائننگ ، گرین پاور سیکٹر سے متعلق جدید تقاضوں کا مطالعہ کرنا بھی اس دورے میں شامل ہے ۔ یہ دورہ 21 ستمبر تا 4 اکٹوبر تک جاری رہے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اپنے اس بیرونی ممالک کے دوروں کے دوران مائننگ ، گرین پاور سیکٹر سے متعلق بین الاقوامی ایکسپو میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ معروف کمپنیوں کے ہیڈکوارٹرس کا دورہ کرتے ہوئے سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک 24 اور 25 ستمبر کو لاس ویگاس ، امریکہ میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل مائننگ ایکسپو میں شرکت کریں گے ۔ جہاں وہ مختلف کمپنیوں کے سی ای اوز اور نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ریاست میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے واقف کرائیں گے ۔ 26 ستمبر کو لاس اینجلس پہونچیں گے ۔ 27 ستمبر کو ایڈورڈس ، سن برن بیاٹری انرجی اسٹوریج نظام کا معائنہ کریں گے ۔ 28 ستمبر کو مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک گول میز کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ 29 ستمبر کو وہ جاپان کے شہر ٹوکیو پہونچیں گے ۔ 30 ستمبر کو مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ گول میز کانفرنس کا انعقاد کریں گے ۔ یکم اکٹوبر کو سرمایہ کاروں کے ساتھ ون ٹو ون اجلاس منعقد کریں گے ۔ یامانشی گرین ہائیڈروجن پلانٹ کا معائنہ کریں گے ۔ 2 اکٹوبر کو توشیبا ، کاواساکی اور 3 اکٹوبر کو پیناسونک ہیڈکوارٹر کا دورہ کریں گے اور 4 اکٹوبر کو حیدرآباد کے لیے واپس ہوجائیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے ساتھ اس دورے میں محکمہ فینانس کے اسپیشل سکریٹری کے راما کرشنا راؤ محکمہ برقی کے سکریٹری رونالڈ روز سنگارینی کے سی ایم ڈی بلرام نائیک کے علاوہ دیگر عہدیدار شامل ہیں ۔۔ 2