ریت و کوئلہ مافیا کی سازش ، اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے کا حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے ضلع بھوپال پلی میں پیش آئے سڑک حادثے میں ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ آفیسر ( ڈی ٹی او ) وینکنا کی موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے اس کو ریت اور کوئلہ مافیا کی دانستہ سازش قرار دیا ہے اور اعلیٰ تحقیقات کراتے ہوئے حقائق کو منظر عام پر لانے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ریت اور کوئلہ مافیا اس قدر بے لگام ہوچکے ہیں کہ اب وہ ایماندار عہدیداروں کی جان لینے سے بھی نہیں کترا رہے ہیں ۔ جو مافیا عہدیداروں کو دھمکیاں دے کر غیر قانونی کاروبار چلا رہا ہے ۔ اگر کوئی عہدیدار ان کے سامنے کھڑا ہو کر سوال کرتا ہے تو کیا یہ مافیا اسے لاری سے کچل کر مار دے گا ۔ یہ انتہائی تشویشناک معاملہ ہے ۔ ہریش راؤ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈی ٹی او وینکنا کی موت کے پیچھے موجود تمام حقائق کو فوری طور پر عوام کے سامنے لایا جائے ۔ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کروائی جائے مجرموں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں سخت ترین سزا دی جائے اور مستقبل میں ایسے مظالم کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔ واضح رہے کہ پیر کی صبح ضلع بھوپال پلی کے کینورم منڈل کے تحت چیل پور کے مضافات میں آر ڈی او آفس کے سامنے ٹرانسپورٹ حکام کی جانب سے گاڑیوں کی معمولی کی جانچ کی جارہی تھی ۔ اس دوران وہاں سے گزرنے والی ایک تیز رفتار کوئلے سے لدی ٹپر لاری نے ڈیوٹی پر موجود ڈی ٹی او وینکنا کو انتہائی بے رحمی سے ٹکر مار دی ۔ یہ حادثہ اتنا ہولناک تھا کہ وینکنا کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور ان کی نعش کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے ۔ حادثے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے کیس درج کر کے لاری ڈرائیور اور اس کے پس پردہ محرکات کی تفتیش شروع کردی ہے ۔۔ 2/m/b