سائبر سیکوریٹی کے استحکام کی ضرورت،فینانس سمٹ 2026 سے وزیر آئی ٹی سریدھر بابو کا خطاب
حیدرآباد ۔22۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ ڈیجیٹل شعبہ کی ترقی میں تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات کو بہتر و موثر بنانے آئی ٹی کے استعمال میں حکومت نے ایک روڈ میاپ تیار کیا ہے۔ آئی ٹی کے استعمال کے ذریعہ عوامی خدمات کو شفاف بنایا جائے گا تاکہ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنے کی زحمت سے بچایا جاسکے۔ بھٹی وکرمارکا انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کی جانب سے منعقدہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن فینانس سمٹ 2026 سے خطاب کر رہے تھے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ دنیا بھر میں ڈیجیٹل ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ معاشی ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ ہندوستان کی معیشت کو عالمی معیشت کی ترقی کی رفتار سے ہم آہنگ کرنے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ ہندوستان دنیا بھر میں ایک بڑی ڈیجیٹل معیشت کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے بھی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سفر میں شامل ہونے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ہندوستان کی مجموعی ترقی میں تلنگانہ کی حصہ داری 10 فیصد تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے رول میں اضافہ ہوا ہے اور وہ کارپوریٹ اداروں کے اسٹراٹیجک بزنس اڈوائزرس بن چکے ہیں۔ سریدھر بابو نے آرٹیفیشل انٹلیجنس ، ڈیٹا اینالیٹکس اور سائبر سیکوریٹی جیسے شعبہ جات میں بہتر مواقع کا حوالہ دیا اور کہا کہ سائبر جرائم میں نت نئی ٹکنالوجی کے استعمال پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل اور سائبر سیکوریٹی کے شعبہ جات میں استحکام کیلئے پروفیشنل اداروں کو حکومت سے تعاون کی اپیل کی۔ اجلاس سے سرکردہ صنعتی شخصیتوں آنند موہن بجاج ، ابھیشک سولنکی ، راج گوپال شرما ، ساحل ملک ، ہرش وردھن ، شیلجا رانی ، راجیش تھاپر اور ونائک گوڈسے نے خطاب کیا۔1/k