ڈیویڈ کی ہیٹ ٹرک، کینیڈا نے قطر کو6-0 سے شکست دی

   

وینکوور، 19 جون (یو این آئی) جوناتھن ڈیویڈ کی ہیٹ ٹرک کی بدولت کینیڈا نے فیفا ورلڈ کپ2026 کے گروپ مرحلے میں قطر پر6-0 سے تاریخی فتح حاصل کی۔ یہ کینیڈا کی ورلڈ کپ میں پہلی جیت ہے ۔ میچ کا پہلا گول 16ویں منٹ میں ریباؤنڈ پرکائل لارین نے کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ یہ ٹورنمنٹ میں ان کا دوسرا گول تھا۔ قطر کے گول کیپر محمود ابونادہ نے ڈیویڈ کے والی شاٹ کو پنچ کرکے روک دیا، لیکن گیند لارین کے پاس گری، جسے انہوں نے گول میں پہنچا دیا۔ اس کے بعد ڈیوڈ نے 29 ویں منٹ میں دائیں پاؤں سے شاندار والی مارکر برتری کو دوگنا کردیا، جو ایک سال سے زیادہ عرصے میں اوپن پلے کے دوران ان کا پہلا گول تھا۔ احمد کو 33ویں منٹ میں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ ریفری نے پہلے پنالٹی اسپاٹ کی طرف اشارہ کیا، لیکن ویڈیو ریویوکے بعد کینیڈا کو باکس کے ٹھیک باہر فری کک دی گئی اور احمد کو دیا گیا پیلا کارڈ ریڈ کارڈ میں بدل دیا گیا۔ پہلے ہاف کے اسٹاپج ٹائم میں کینیڈا نے 3-0 کی برتری حاصل کر لی، جب ڈیویڈ نے 48 ویں منٹ میں کراس بار سے ٹکرا کر آئی گیند پر گول داغ دیا۔ دوسرے ہاف کے شروع میں جب کونے کو وہ خطرناک نظر آنے والی چوٹ لگی تو کینیڈا کے کھلاڑی تشویش کے عالم میں ان کے گرد جمع ہوگئے اور مادیبوکو باہر نکالے جانے سے پہلے وہ واضح طور پر پریشان نظر آرہے تھے ۔ کونے کی جگہ پر آئے ناتھن سلیبا نے 64 ویں منٹ میں فری کک پرگول کرکے اسکور4-0 کردیا۔75ویں منٹ میں محمد منائی نے اپنے گول کیپرکو چکمہ دیتے ہوئے شاٹ کو اون گول میں بدل دیا۔ڈیوڈ نے اسٹاپج ٹائم میں ہیٹ ٹرک مکمل کی اور اس ورلڈکپ میں ایک میچ میں تین گول کرنے والے ارجنٹینا کے لیونل میسی کے ساتھ شامل ہوگئے ۔ اس کے ساتھ ہی میزبان کینیڈا نے جیت کے ریکارڈ فرق کی برابری بھی کر لی، جو 1934 میں اٹلی،1950 میں برازیل اور1978 میں ارجنٹینا کی چھ گول کی جیت کے برابر تھی۔ قطر کے خلاف کینیڈا کے گولوں کی تعداد، اس میچ سے پہلے ان کی پوری ورلڈ کپ تاریخ میں کیے گئے گولوں کی تعداد سے دوگنی تھی۔ جیت کے بعد کینیڈا کے کوچ جیسی مارش نے چھ انگلیاں اٹھاتے ہوئے کہا، اسے کوئی نہیں بھولے گا، اورکوئی بھی کینیڈین اس دن کو نہیں بھولے گا۔ یہ ہر کسی کے لیے ایک انتہائی اہم لمحہ ہے یہ سمجھنے کے لیے کہ اس ملک میں ٹیلنٹ ہے ، ذہنیت ہے ، قوت ارادی ہے ، اور ایسی بہت سی چیزیں ہیں جو اس ملک کو خاص بناتی ہیں۔کینیڈین فٹ بال کے لیے ایک خواب جیسا موقع دوسرے ہاف میں مڈفیلڈر اسماعیل کونے کے پیر میں لگی چوٹ کے باعث ماند پڑ گیا۔ قطر کے عاصم مادیبو کی جانب سے کیے گئے ایک سنگین فاؤل کے بعد کونے کو کئی منٹ تک طبی امداد دی گئی، جس کے بعد انہیں اسٹریچر پر میدان سے باہر لے جایا گیا۔ کینیڈا کے کوچ جیسی مارش نے بعد میں کونے کی چوٹ کی سنگینی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اسپتال لے جانے کے بعد ساسولو کے کھلاڑی کی سرجری کی جائے گی۔مادیبو کو فاؤل کے لیے ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جس کے بعد قطر کو پہلے ہاف میں ہمام احمد کو ریڈ کارڈ ملنے کے بعد نو کھلاڑیوں کے ساتھ میچ ختم کرنا پڑا۔ اس جیت کے ساتھ کینیڈا کے پوائنٹس بڑھ کر چار ہو گئے ہیں اور وہ گول کے فرق کی بنیاد پر سوئٹزرلینڈ سے آگے ہے ۔ اس جیت کے ساتھ ہی کینیڈا کا ناک آؤٹ مرحلے میں مقام تقریباً یقینی ہو گیا ہے ۔