چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت، ڈسمبر تک کاموں کی تکمیل پر عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد 10 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کالیشورم پراجکٹ کے تحت 3 خراب شدہ بیاریجس کے مرمتی کام تیزی سے مکمل کئے جائیں اور جلد سے جلد انہیں دوبارہ قابل استعمال بنایا جائے۔ چیف منسٹر نے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں تینوں بیاریجس کے مرمتی کاموں کے سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کیا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ مرمتی کام نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی کی ہدایات کے مطابق انجام دیئے جائیں ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مرمتی کاموں کیلئے واضح ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے کاموں کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔ تمام متعلقہ اداروں کو کاموں کے دوران چوکس رہنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے واضح کیا کہ سنٹرل واٹر اینڈ پاور ریسرچ اسٹیشن کے تحت جاری ٹسٹ مانسون کے آغاز سے قبل مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دی جس میں محکمہ آبپاشی ، سی ڈبلیو پی آر ایس ، تعمیری ایجنسیاں اور ڈیزائین کنسلٹنٹ کو شامل کیا جائے۔ کام کے ہر مرحلہ میں سنٹرل واٹر کمیشن کے ماہرین سے رہنمائی حاصل کی جائے۔ انجنیئرس نے چیف منسٹر کو بتایا کہ میڈی گڈا بیاریج کے صرف متاثرہ پلرس کے بجائے پورے 1.6 کیلو میٹر طویل بیاریج کا جامع سروے ضروری ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ میڈی کے قریب 500 بورویلز کی کھدائی کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا جائے اور ضروری مشنری کا انتظام کیا جائے۔ مرمتی کاموں کے ڈیزائن تیار کئے جائیں اور ڈسمبر تک کاموں کی تکمیل کی منصوبہ بندی کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کاموں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے یقین دلایا کہ درکار فنڈس فراہم کئے جائیں گے اور میڈی گڈا میں ایک بیس کیمپ قائم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرمتی کاموں کے آغاز کے بعد وہ دورہ کریں گے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، سکریٹری آبپاشی سریدھر ، چیف منسٹر کے سکریٹری مانک راج اور دیگر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔1/k/y