پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے خلاف حکومت کا آمرانہ رویہ، جی نرنجن کا الزام
حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے کہا کہ میڈی گڈہ بیاریج کی تعمیر میں نقائص کی مرکزی ٹیم نے نشاندہی کی تھی باوجود اس کے ریاستی حکومت نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نرنجن نے کہا کہ ڈیام سیفٹی اتھاریٹی کے عہدیداروں نے بیاریج کے معائنہ کے بعد اپنی رپورٹ میں نقائص کی نشاندہی کی جس کے نتیجہ میں پلرس زمین میں دھنس گئے۔ اس معاملہ کی سی بی آئی جانچ کیلئے دہلی ہائی کورٹ میں 25 نومبر کو درخواست دائر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے غیر معیاری تعمیرات کو چھپانے کی کوشش کی ہے۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے 80 سے زائد ارکان کی ایک دن میں معطلی کو جمہوریت کا قتل اور پارلیمنٹ کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے نرنجن نے کہا کہ سخت ترین سیکوریٹی کے باوجود حملہ آور گیلری سے ایوان میں کود پڑے اور آنسو گیس کا استعمال کیا۔ اس معاملہ میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج تک بیان نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں مباحث کا مطالبہ کرنے پر اپوزیشن ارکان کی معطلی بی جے پی کے آمرانہ طرز حکمرانی کا ثبوت ہے۔ر