کاماریڈی میں عیدالاضحی کے موقع پر کنٹرول روم کا قیام : ایس پی

   

کاماریڈی۔ 14 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عید الاضحی بقرعید کے پیش نظر ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کو فوری پولیس خدمات فراہم کرنے کیلئے ضلع پولیس کی جانب سے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جو 24 گھنٹے عوام کیلئے دستیاب رہے گا۔ ضلع ایس پی کاماریڈی ا یم راجیش چندرا نے بتایا کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی، غیر قانونی عمل یا امن و امان میں خلل ڈالنے والے واقعہ کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن نمبر 8712686133 یا ڈائل 100 پر دی جائے۔ایس پی ایم راجیش چندرا نے بتایا کہ ضلع بھر میں سکیورٹی کو سخت بنانے کیلئے سرحدی علاقوں میں 6 خصوصی چیک پوسٹس قائم کی گئی ہیں جہاں 24 گھنٹے نگرانی جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گاڑیوں کی تلاشی یا روکنے کا اختیار صرف سرکاری محکموں کو حاصل ہے، کسی فرد یا تنظیم کی جانب سے خود ساختہ چیکنگ مکمل طور پر ممنوع ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ضلع ایس پی نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو متاثر کرنے والے پوسٹس اور ویڈیوز شیئر کرنے والوں پر پولیس کی کڑی نظر رہے گی اور ایسے عناصر کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ باہمی احترام اور بھائی چارہ کیساتھ پُرامن ماحول میں بقرعید منائیں اور پولیس کیساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے اطلاع دینے والوں کی شناخت پوشیدہ رکھنے کا یقین دلایا۔