کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں تعلیم اور امتحانی شعبہ میں اصلاحات کی ہدایت

   

ورکنگ کمیٹی اجلاس میں طلبہ کے احتجاج پر غور، ریونت ریڈی نے گروپ امتحانات کے کامیاب انعقاد سے واقف کرایا

حیدرآباد۔20۔اگسٹ (سیاست نیوز) کانگریس ورکنگ کمیٹی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ہدایت دی کہ ریاست میں تعلیمی شعبہ اور امتحانی سسٹم میں بڑے پیمانہ پر اصلاحات کی تیاری کریں تاکہ امتحانی پرچوں کے افشاء کو روکا جاسکے۔ امتحانات کے محفوظ انداز میں انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تعلیمی سطح پر اصلاحات کی ضرورت ہے اور عالمی سطح پر اصلاحات کا جائزہ لیتے ہوئے ریاستی سطح پر اقدامات کئے جائیں۔ ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں چیف منسٹر تلنگانہ کے علاوہ کیرالا ، کرناٹک اور ہماچل پردیش کے چیف منسٹرس کو بھی تعلیمی شعبہ میں اصلاحات کی ہدایت دی گئی۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے ورکنگ کمیٹی اجلاس میں طلبہ اور نوجوانوں کے احتجاج کے پس منظر میں امتحانی سسٹم کو شفاف اور نقائص سے پاک بنانے کی ہدایت دی ہے۔ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس سے کہا گیا کہ وہ اصلاحات کے سلسلہ میں تعلیمی شعبہ کے ماہرین اور طلبہ تنظیموں سے مشاورت کریں۔ تعلیم اور امتحانی نظام کو موثر بنانے کیلئے اندرون ایک ہفتہ رپورٹ پارٹی صدر کو پیش کی جائے۔ ہائی کمان نے اصلاحات کے سلسلہ میں Gen-Z سے مشاورت کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات اور گروپ امتحانات کے کامیاب انعقاد کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نرسری ، ایل کے جی اور یو کے جی کلاسس کا سرکاری سطح پر آغاز کیا جارہا ہے تاکہ بنیادی سطح سے معیاری تعلیم فراہم کی جاسکے۔ 1/k